ویب ڈیسک: افریقی ملک کانگو میں تانبے کی کان دھنسنے کے باعث 30 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ہفتے کو کانگو کے صوبے لوالابا میں تانبے کی کان کا ایک حصہ زمین بوس ہو گیا، جس کے نتیجے میں 32 کان کن ہلاک ہوئے۔ حادثے کی جگہ پر تلاش کا عمل جاری ہے۔
صوبہ لوالابا کے وزیر داخلہ نے بتایا کہ اب تک 32 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، تاہم مزید کان کنوں کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔ انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے باعث اس علاقے تک رسائی پر پابندیاں عائد کی گئی تھیں، لیکن غیر قانونی کان کنوں نے ان پابندیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے کان میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ جہاں حادثہ پیش آیا، وہاں عارضی پل بنایا گیا تھا، جو زیادہ کان کنوں کی موجودگی کے باعث گر گیا۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق، کانگو میں تقریباً 2 لاکھ افراد غیر قانونی کانوں میں کام کرتے ہیں، جو نہایت خطرناک حالات کی وجہ سے بدنام ہیں۔