نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا ٹرانسپورٹ کرایوں،چینی،چکن،آٹا،دالوں اورگھی کے نرخ میں کمی کا اعلان

نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا ٹرانسپورٹ کرایوں،چینی،چکن،آٹا،دالوں اورگھی کے نرخ میں کمی کا اعلان
لاہور: نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ ڈیزل بس کا کرایہ 10فیصد، پٹرول بس کا کرایہ 15فیصد کم، دالو ں کے نرخ میں 20 سے 30روپے کمی کی جائے گی،گھی کا نرخ 15روپے فی کلو کم ہوگا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ٹرانسپورٹ کرایوں، آٹا،گھی، چکن،دالوں او رچینی کے نرخ میں کمی کا اعلان کیا ہے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے فیصل آباد میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریزمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈیزل بس کا کرایہ 10فیصد، پٹرول بس کا کرایہ 15فیصد کم ہوچکاہے۔ دالو ں کے نرخ میں 20 سے 30روپے کمی کی جائے گی۔ گھی کا نرخ 15روپے فی کلو کم ہوگا۔ چکن کے نرخ 12سے15فیصد تک نیچے آجائیں گے۔ ہمیں عوام کا فائدہ دیکھناہے، جہاں جہاں ریلیف دے سکتے ہیں، دیں گے۔قیمتوں میں کمی لانا ہمارا فرض ہے،کسی پر احسان نہیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ معیشت مضبوط ہورہی ہے،میرے علم میں ہے آنے والے دنوں میں مزید اچھی خبریں ملیں گی۔اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے پوری ٹیم کل سے محنت کررہی ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب روزانہ ساڑھے 9بجے قیمتوں میں کمی کے حوالے سے کمشنرز اجلاس لے رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بتایا کہ دال کی قیمت میں 30روپے کی کمی آئی ہے۔ آٹے کی قیمت 15روپے فی تھیلا کم ہوگی۔حکومت پنجاب گندم ریلیز کرنا جلد شروع کرے گی،آٹے کے نرخ مزید کم ہوں گے۔ نرخ 3500 سے 4000 فی من کرنے سے آٹے کی قیمتوں میں کمی ناگزیر ہے۔ گھی کی قیمت میں 15روپے کمی آئے گی۔ پولٹری کی پرائسز میں 12سے 15فیصد کمی آئے گی۔ چکن کی قیمتوں میں 110 روپے فی کلو کمی آئے گی۔ چینی کی قیمت 180روپے سے کم ہوکر 145روپے فی کلو ہوچکی ہے،ایکس مل چینی133روپے ہے،چینی کی قیمت مزید کم ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قیمتیں کم کرنے کے لئے 48گھنٹے کی ڈیڈ لائن دی تھی،8گھنٹوں میں قیمتیں کم ہوگئیں۔ وزیر صنعت ایس ایم تنویر اور ایڈمنسٹریشن نے قیمتیں کم کرنے کے لئے دن رات محنت کی ہے۔ میں خود بھی کرایو ں کے بارے میں بس سٹینڈز پر دورے کر کے معلوم کرتا رہا۔ فیصل آباد کے لاری اڈے کا بھی وزٹ کیاہے،مختلف بسوں میں مسافروں سے کرائے کے بارے میں دریافت کیا۔ ڈیزل پر چلنے والی بس کے کرائے میں 10فیصد کمی آ چکی ہے۔ پٹرول پر چلنے والی بس کا 15فیصد کرایہ کم ہواہے۔ کارگو کے کرائے کم کرنے کے حوالے سے مذاکرات بھی کامیاب رہے،10فیصد کرایہ کم کریں گے۔ 600کرایہ دینے والے مسافر کو کم ازکم 100روپے کی بچت ہوگی۔آنے والے دنو ں میں قیمتوں میں کمی کو برقرار رکھنے کو یقینی بنائیں گے۔پٹرول مزید سستا ہوا تو قیمتیں مزید کم کروائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ فیصل آباد میں کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔چیمبر آف کامرس کے دوستوں سے مشاورت کی ہے۔ کابینہ کے علاوہ ہماری مختلف وفود سے ملاقاتیں بھی ہوئیں۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم کسی کا نقصان نہیں چاہتے نہ ہی کسی کاحق سلب کرنا چاہتے ہیں۔ملازمین کی تنخواہیں 35فیصد بڑھائی ہیں۔پولیس ملازمین کی 14ہزار اوردیگر کی 26ہزارکی پرو موشن کرچکے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے مزیدبتایا کہ معاشی مسئلہ اچھا خاصا تھا،بینکوں کے 672ارب دینے تھے اوران پر ڈیڑھ،پونے دوسو ارب سود تھا۔ہم نے بینکوں کے 672ارب روپے ادا کیے۔ہم میں سے کسی نے الیکشن نہیں لڑنا۔کمشنر فیصل آباد اوردیگر کمشنرز اپنے اپنے متعلقہ علاقوں میں قیمتوں میں کمی کیلئے متحرک ہیں۔صحافی میرے دل کے قریب ہیں، ان کے مسائل حل کئے جائیں گے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔