ویب ڈیسک: لاہور سمیت صوبہ بھر میں تمام مارکیٹیں، کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس نے جاری کردہ بیان میں بتایا ہے کہ شہریوں اور تاجر برادری نے بعض شرپسند عناصر کی طرف سے ہڑتال کی کال کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ تمام شہروں میں ٹریفک اور ٹرانسپورٹ معمول کے مطابق چل رہی ہے۔ موٹروے، جی ٹی روڈ، رنگ روڈ سمیت تمام شاہراہیں اور سڑکیں ٹریفک کے لئے کھلی ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا تھا کہ کسی بھی جگہ ٹریفک اور معمولات زندگی تعطل کا شکار نہیں۔ مارکیٹوں، کاروباری مراکز، شاہراہوں اور اہم مقامات پر پولیس نفری تعینات ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس شہریوں کی جان و مال اور املاک کے تحفظ کے لئے الرٹ ہے۔ شرپسندوں اور بلوائیوں کی کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں سخت ایکشن ہو گا۔
آئی جی پنجاب نے واضح کیا کہ شرپسند عناصر کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے جائیں گے۔ سیف سٹیز کیمروں، چہرہ شناخت ایپ، وہیکلز رجسٹریشن پلیٹوں، آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مدد سے شرپسند عناصر کی گرفتاریاں عمل لائی جائیں گی۔