پاکستان کا فلسطینی طلبہ کو اسکالرشپس دینے کا اعلان

پاکستان کا فلسطینی طلبہ کو اسکالرشپس دینے کا اعلان

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے فلسطین کے ساتھ پاکستان کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پاکستان فلسطینی طلبہ کے لیے 5 ہزار اسکالرشپس فراہم کرے گا۔

یہ اعلان انہوں نے پہلے فلسطین، پاکستان ریکٹرز فورم کے افتتاح کے موقع پر کیا، جو او آئی سی-کامسٹیک سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔ 

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ یہ فورم غزہ کے تعلیمی نظام کی بحالی اور فلسطینی طلبہ کو تعلیمی طور پر بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، پاکستان فلسطین کے ساتھ نہ صرف زبانی ہمدردی بلکہ تحقیقی، تعلیمی اور تکنیکی تعاون کے ذریعے عملی حمایت بھی فراہم کرے گا۔

وزیر تعلیم نے اس اقدام کو اجتماعی عزم کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقصد غزہ کی تعمیرِ نو کو علم، امن اور ترقی کے راستے سے ممکن بنانا ہے۔

انہوں نے او آئی سی کامسٹیک کی کوششوں کو سراہا جنہوں نے پاکستان اور فلسطین کی جامعات کے سربراہان کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا تاکہ اعلیٰ تعلیم اور سائنسی تحقیق کے شعبے میں تعاون بڑھایا جا سکے۔

ڈاکٹر صدیقی نے مزید کہا کہ کامسٹیک فلسطینی طلبہ اور پروفیشنلز کے لیے مختلف کورسز اور تربیتی پروگرام بھی جاری رکھے ہوئے ہے، جن میں بیسک لائف سپورٹ اور ٹراما مینجمنٹ کورس سمیت ٹیکنیکل اور اسکل ڈیولپمنٹ پروگرامز شامل ہیں۔

فورم کے شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ یہ شراکت داری غزہ کے تعلیمی اداروں کی بحالی اور فلسطینی نوجوانوں کو مضبوط بنانے میں سنگِ میل ثابت ہوگی۔

Watch Live Public News