ویب ڈیسک: ایشیاکپ میں پاک بھارت ہائی وولٹیج ٹاکرا 14 ستمبر کو منعقد ہوا۔ ٹاس کے وقت میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے سلمان علی آغا کو بھارتی کپتان سے مصافحہ نہ کرنے کا پیغام دیا۔
ایونٹ کے اہم ترین میچ کے ٹاس کے وقت بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے پاکستانی قائد سلمان علی آغا سے ہاتھ نہیں ملایا۔
ٹی 20 ایشیاء کپ 2025ء کے چھٹے میچ کے دوران پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں دوریاں رہیں۔ میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان بات چیت کے لمحات بھی نظر نہیں آئے۔
میچ کے اختتام پر بھارتی بیٹرز پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملائے بغیر ہی ڈریسنگ روم چلے گئے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا اور ہیڈ کوچ بھارتی پویلین تک گئے تاہم کوئی بھی کھلاڑی یا آفیشل باہر نہ آیا۔
اس واقعے پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اصولی اور سخت مؤقف اٹھایا اور پاکستان کا وقار سب سے پہلے کا نعرہ بلند کیا۔ یہی نہیں محسن نقوی نے میچ ریفری کی تبدیلی تک ایشیا کپ کے بائیکاٹ کا بھی اعلان کیا۔
سوشل میڈیا پر محسن نقوی کے بیان کو بھرپور پذیرائی ملی۔ ہزاروں صارفین نے ان کے مؤقف کو " قومی غیرت کی ترجمانی" قرار دیا اور کہا کہ چیئرمین پی سی بی نے اس بار شائقین کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کی ہے۔ ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ #StandWithPCB اور #MohsinNaqvi ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہوگئے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے واضح اور اصولی مؤقف نے عوام کے دل جیت لیے اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ان کے مؤقف کو کافی پذیرائی ملی۔
محسن نقوی نے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ انہیں آج کے میچ میں اسپورٹس مین شپ کی کمی دیکھ کر بہت مایوسی ہوئی اور کھیل میں سیاست کو لانا اس کی روح کے منافی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ ٹیمیں اپنی فتوحات کو وقار کے ساتھ منائیں گی۔
Utterly disappointing to witness the lack of sportsmanship today. Dragging politics into the game goes against the very spirit of sports. Lets hope future victories are celebrated by all teams with grace
— Mohsin Naqvi (@MohsinnaqviC42) September 14, 2025
محسن نقوی نے ہاتھ نہ ملانے کے واقعے پر اپنی ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ پی سی بی نے آئی سی سی کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر میچ ریفری کیخلاف شکایت آئی سی سی میں درج کروائی ہے۔ جس میں پی سی بی نے میچ ریفری کو ایشیا کپ سے فوری طور پر ہٹانے کی درخواست کی ہے۔
The PCB has lodged a complaint with the ICC regarding violations by the Match Referee of the ICC Code of Conduct and the MCC Laws pertaining to the Spirit of Cricket. The PCB has demanded an immediate removal of the Match Referee from the Asia Cup.
— Mohsin Naqvi (@MohsinnaqviC42) September 15, 2025
ایک اور ٹوئٹ میں محسن نقوی نے واضح کیا کہ ان کیلئے اپنے ملک کی عزت اور وقار سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے۔
There is nothing more important to me than the honor and prestige of my country ????????
— Mohsin Naqvi (@MohsinnaqviC42) September 15, 2025
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ محسن نقوی کا یہ مضبوط مؤقف نہ صرف کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھائے گا بلکہ عالمی سطح پر بھی یہ پیغام دے گا کہ پاکستان اپنے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتا۔ کرکٹ کے میدان میں یہ محض ایک کھیل نہیں بلکہ کروڑوں عوام کے جذبات جڑے ہوتے ہیں اور چیئرمین پی سی بی نے ان ہی جذبات کو زبان دی ہے۔