ویب ڈیسک: ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے ایک اچھی خبر سامنے آئی ہے، جہاں 4 سرکاری پاور پلانٹس نے بجلی کے نرخوں میں کمی پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ ان پاور پلانٹس نے " ٹیک اینڈ پے" کی بنیاد پر بجلی فراہم کرنے کے لیے اصولی طور پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (CPPA) نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (NEPRA) کو باقاعدہ درخواست ارسال کر دی ہے۔ نیپرا اس درخواست پر 24 اپریل کو سماعت کرے گا، جس کے بعد حتمی فیصلہ متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق جن سرکاری پاور پلانٹس نے بجلی سستی کرنے کی پیشکش کی ہے، ان میں نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی بلوکی، نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی حویلی بہادر شاہ، سینٹرل پاور جنریشن کمپنی اور ناردرن پاور جنریشن کمپنی (نندی پور) شامل ہیں۔
اگر یہ فیصلہ منظور ہو جاتا ہے تو عام صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں خاطر خواہ ریلیف ملنے کی امید ہے، جو حالیہ مہنگائی کے ماحول میں ایک خوش آئند قدم تصور کیا جا رہا ہے۔