ویب ڈیسک:پی ایس ایل سیزن 10 کے سنسنی خیز میچز جاری ہیں، قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم کے حوالے سے اہم انکشافات سامنے آئے ہیں کہ انہوں نے کراچی کنگز کو خیرباد کیوں کہا؟
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و پشاور زلمی کے موجودہ کپتان بابراعظم پی ایس ایل کے آغاز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ تھے جس کے بعد انہیں کراچی کنگز نے منتخب کیا اور وہ 2017 سے 2022 تک 6 سیزن کراچی کنگز کی طرف سے کھیلے۔
2023 میں بابراعظم اور کراچی کنگز کے راستے جدا ہوگئے اور بابراعظم پشاور زلمی کا حصہ بن گئے اور اس کی قیادت بھی کررہے ہیں، اب ڈاکٹر نعمان نیاز نے بابراعظم کی کراچی کنگز سے علیحدگی کی وجہ بتادی ہے۔
ڈاکٹر نعمان نیاز نے کہا ’ کراچی کنگز نے پہلے ہی بابراعظم سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کرلیا تھا، لیکن جب پاکستان نے ان کی کپتانی میں ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تو انہوں نے ان سے دوبارہ رابطہ کیا، لیکن بابراعظم نے پہلے ہی کراچی کنگز کو چھوڑنے اور آگے بڑھنے کا ارادہ کر لیا تھا۔‘
بابراعظم کراچی کنگز کی منجمنٹ میں سے ایک آفیشل کے ساتھ نہیں بنتی تھی، بابراعظم اس ٹائم سپراسٹار تھے اور بہت زیادہ رنز کررہے تھے، وہ آئی سی سی رینکنگ میں نمبرون تھے، بڑا اسٹیڈیمز میں بابر بابر ہوتی تھی، جس سے بہت سارے سابق کرکٹر جلتے بھی تھے۔
بابراعظم کے خلاف کراچی کنگز میں باتیں بھی ہوتی تھی، جو بابراعظم تک پہنچتی تھی جس کے بعد بابراعظم نے فیصلہ کیا کہ وہ اب کراچی کنگز کے لیے نہیں کھیلیں گے۔
اس موقع پر سابق کپتان راشد لطیف نے کہا کہ انہوں نے 2 سال تک کراچی کنگز کے ساتھ کام کیا، پھر اس سے راہیں جدا ہوگئیں، کراچی کنگز نے دوبارہ کام کرنے کا کہا جس پر دوبارہ کام شروع کیا، پھر مسئلے ہی اتنے پڑ گئے تھے،ٹیم بنانا شروع کی تو ایک کھلاڑی کا فون آیا کہ ہم لوگ اکٹھے ہوگئے ہیں اور ہم ان ( بابراعظم) کے ساتھ نہیں کھیلنا چاہتے جو کہ بعد میں ان کے ساتھ ورلڈ کپ بھی کھیلے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ کراچی کنگز اور بابراعظم کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے تھے جس کی وجہ ان کی بیٹنگ پوزیشن تھی۔ ہم چاہتے تھے کہ بابر نمبر 3 پر بیٹنگ کریں، لیکن وہ اپنا رول تبدیل کرنے کو تیار نہیں تھے، اسی وجہ سے ہمیں انہیں ریلیز کرنا پڑا۔