گوگل کا طلبہ  کیلئے زبردست تحفہ، اے آئی ٹولز اور 2ٹی بی اسٹوریج بلکل مفت

گوگل کا طلبہ  کیلئے زبردست تحفہ، اے آئی ٹولز اور 2ٹی بی اسٹوریج بلکل مفت

(ویب ڈیسک )   گوگل نے امریکا کے کالج طلبہ  کیلئے ایک شاندار پیشکش کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت وہ بغیر کسی قیمت کے جدید مصنوعی ذہانت کے ٹولز اور 2 ٹیرا بائٹ(TB) کلاؤڈ اسٹوریج حاصل کر سکیں گے۔

یہ سہولت " گوگل ون اے آئی پریمیم" منصوبے کے تحت دی جا رہی ہے، جس کی اصل قیمت ہر ماہ تقریباً بیس ڈالر ہے۔ تاہم، اہل طلبہ کو یہ سہولت مکمل طور پر مفت دی جائے گی۔ اس پیشکش سے فائدہ اٹھانے کے لیے طلبہ کو 30 جون 2025 سے پہلے رجسٹریشن کروانی ہوگی، اور ایک بار رجسٹریشن مکمل ہو جائے تو وہ جون 2026 تک ان تمام سہولیات سے مفت فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

اس منصوبے میں شامل سہولیات میں 2 ٹیرا بائٹ(TB) ڈیٹا رکھنے  کی گنجائش، گوگل کا جدید مصنوعی ذہانت پر مبنی ماڈل "جیمینی ایڈوانسڈ" شامل ہے جو تحقیق، اسائنمنٹ اور تعلیم میں مدد فراہم کرتا ہے۔

 اس کے علاوہ، مشکل موضوعات کو آسان خلاصے میں تبدیل کرنے کی سہولت، آواز میں رپورٹ سننے کا آپشن، ہوم ورک کے لیے قدم بہ قدم رہنمائی، گوگل ڈاکیومنٹس، شیٹس اور سلائیڈز میں مصنوعی ذہانت کی مدد، تحقیق اور تحریر کے لیے مخصوص ٹول "نوٹ بک ایل ایم پلس"، تحریر سے ویڈیو بنانے کا جدید ماڈل "ویو 2"، تصویری اور تحریری مواد کو یکجا کرنے کا فیچر "وسک"، اور حقیقی وقت میں بات چیت، آئیڈیاز کی منصوبہ بندی اور لکھائی کے لیے "کینوس" اور "جیمینی لائیو" جیسی زبردست سہولیات شامل ہیں۔

ان  تمام سہولیات حاصل کرنے کے لیے طلبہ کو اپنی تعلیمی حیثیت ثابت کرنا ہوگی، جس کے لیے ایک درست تعلیمی ای میل ایڈریس (.edu) درکار ہوگا۔ گوگل کی جانب سے منصوبہ ختم ہونے سے پہلے ای میل کے ذریعے یاددہانی بھی بھیجی جائے گی تاکہ طلبہ چاہیں تو اس سہولت کو جاری رکھ سکیں۔

خیال رہے کہ گوگل کی یہ پیشکش ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مصنوعی ذہانت کے میدان میں مقابلہ مزید شدت اختیار کر چکا ہے۔ اوپن اے آئی اور اینتھروپک جیسی کمپنیاں بھی امریکا اور کینیڈا کے طلبہ کو مفت تعلیمی سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔ گوگل کا مقصد ہے کہ وہ 2025 کے اختتام تک پانچ سو ملین صارفین تک اپنی مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی پہنچائے، اور اسی لیے وہ طلبہ کو اس مہم کا اہم حصہ بنا رہا ہے تاکہ تعلیمی میدان میں مصنوعی ذہانت کو روزمرہ کا حصہ بنایا جا سکے۔

Watch Live Public News