ویب ڈیسک: لاہور سے روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت پہلی حج پرواز 345 عازمین کو لے کر مدینہ منورہ روانہ ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق پہلی حج پرواز صبح ساڑھے 10 بجے لاہور سے روانہ ہوئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق اور میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان، سعودی سفیر نواف سعید المالکی، وفاقی سیکرٹری ابرار احمد مرزا اور روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے سربراہ میجر جنرل ڈاکٹر صالح بن سعد المیرابا نے عازمین کو رخصت کیا۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد محمد بن سلمان، سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن ربیعہ اور سعودی سفیر کو بہترین سہولیات فراہم کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ عازمین نے بھی حکومت پاکستان کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔
وزارتِ مذہبی امور کے مطابق پاکستان سے سرکاری حج سکیم کے تحت 468 پروازوں کے ذریعے ایک لاکھ 19 ہزار عازمین مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ پہنچائے جائیں گے۔ ان میں 67,230 مرد اور 51,846 خواتین شامل ہیں۔
حج آپریشن 34 دن جاری رہے گا، اس دوران مدینہ منورہ کے لیے 186 اور جدہ کے لیے 282 پروازیں چلائی جائیں گی۔ پاکستان کے آٹھ شہروں سے پروازیں روانہ ہوں گی، جن میں اسلام آباد سے 129، کراچی سے 124، لاہور سے 104، ملتان سے 34، سیالکوٹ سے 26، فیصل آباد سے 23، کوئٹہ سے 18 اور سکھر سے 5 پروازیں شامل ہیں۔ پی آئی اے، ائیر بلیو، ایئر سیال اور سعودی فضائی کمپنی حج آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔