ویب ڈیسک: 26 نومبراحتجاج کیس میں ملوث 3 ملزمان کو عدالت نے سزا سنادی۔ تین ملزمان کو اقبال جرم کرنے کے بعد شو کاز نوٹس جاری کیے گئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق عدالت کی جانب سے ملزم اجمل خان ،سلیم شہزاد اور خرم شہزاد کو چار، چار ماہ قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔عدالت میں ملزمان نے اپنے وکلا کی موجودگی میں اپنا اعترافی بیان ریکارڈ کروایا۔ ملزمان کے خلاف تمام شواہد پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے عدالت میں پیش کیے۔
ملزمان نے اعترافی بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کے اکسانے پر احتجاج میں شامل ہوئے تھے۔ قیادت کے اکسانے پر پرتشدد احتجاج میں شامل ہوئے اور پولیس پر حملہ کیا۔احتجاج میں شامل ہونے توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کرنے پر افسوس ہے۔اپنے عمل پر عدالت سے معافی کے طلبگار ہیں۔دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود پرتشدد مظاہروں میں شامل ہوئے جس پر ندامت ہے۔
ملزمان کے خلاف 26 نومبر احتجاج کا مقدمہ 18 نصیر آباد میں درج ہے۔ملزمان کو سزا انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے سنائی۔ملزمان پر ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ پولیس اہلکاروں پر حملے اور کار سرکار نے مداخلت کا الزام ہے۔