ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سپریم کورٹ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کے حکم کو خوش آئند قرار دے دیا۔
سپریم کورٹ نے عمران خان کو آج ہی اسلام آباد کے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت کے مطابق عمران خان کے ہمراہ ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان اور بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان بھی موجود ہوں گے، جبکہ اسپتال کے اخراجات اہلخانہ برداشت کریں گے۔ عمران خان آئندہ سماعت تک اسپتال میں زیرِ علاج رہیں گے اور ان کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے گی۔
وفاقی حکومت کے ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالتی حکم پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو نوٹس جاری نہیں کیا گیا تھا۔ عدالت نے حکومت کا اعتراض بھی حکم نامے کا حصہ بناتے ہوئے کیس کی سماعت 16 ستمبر تک ملتوی کردی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے عدالتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان قوم کے مقبول ترین لیڈر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالتوں کا بنیادی کام انصاف فراہم کرنا ہے اور آج کا فیصلہ ماضی کی ناانصافیوں کا مکمل ازالہ نہیں، تاہم مزید انصاف کی ضرورت ہے۔
پی ٹی آئی رہنما سینیٹر اعظم سواتی نے کہا کہ عمران خان کو علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل منتقل کیا جانا انتہائی خوش آئند ہے۔ انہوں نے حکومت کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ معاملات کو مل جل کر حل کرنا چاہیے۔
سینیٹر فیصل جاوید نے بھی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے، اب اس پر عمل درآمد انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے دیگر زیرِ حراست پی ٹی آئی رہنماؤں کو بھی ریلیف دینے کا مطالبہ کیا۔