ویب ڈیسک: انگلش کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بلے باز جو روٹ نے پاکستان کے سابق لیجنڈری کرکٹر جاوید میانداد کا 31 سال پرانا ریکارڈ توڑ کر ٹیسٹ کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے مایہ ناز بیٹسمین جو روٹ نے نیوزی لینڈ کے خلاف سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے کا جاوید میانداد کا ریکارڈ توڑ دیا۔ انہوں نے یہ کارنامہ منگل کو نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز انجام دیا۔
روٹ نے کیویز کے خلاف دوسری اننگز میں 54 رنز کی اننگز کھیلی، اس دوران وہ ٹیسٹ کرکٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔
جو روٹ نے نیوزی لینڈ کے خلاف 40 اننگز کھیل کر 1925 رنز بنائے ہیں، اس سے قبل نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ پاکستان کے سابق کپتان جاوید میاں داد کے پاس تھا جنہوں نے 29 ٹیسٹ اننگز میں 1919 رنز بنائے تھے۔
جو روٹ بھارت کے خلاف 2846 رنز بنانے والے دنیا کے دوسرے بیٹر ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے پاکستان کے خلاف 2911 اور بنگلا دیش کے خلاف 1816 ٹیسٹ رنز بنائے ہیں۔
جو روٹ کے پاس نیوزی لینڈ میں کسی بھی مہمان کھلاڑی کی طرف سے سب سے زیادہ 8 نصف سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بھی ہے۔
واضح رہے کہ جو روٹ انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر ہیں، انہوں نے 152 ٹیسٹ میچز میں 12 ہزار 972 رنز اسکور کیے ہیں۔