ویب ڈیسک: پاکستان کی ممبر قومی اسمبلی سیدہ آمنہ بتول کی فیفا کی معزز ادارہ جاتی اصلاحات کمیٹی میں تقرری نے ملک کے لیے کھیلوں کے میدان میں ایک اہم سنگِ میل عبور کیا ہے۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق، سیدہ آمنہ بتول فیفا کی مختلف کمیٹیوں میں پاکستان کی واحد نمائندہ ہیں۔ ان کی یہ تقرری پاکستان کے لیے سفارتی اور کھیلوں کے میدان میں اہم پیشرفت ہے اور فیفا کی جانب سے پاکستان کی ادارہ جاتی اصلاحات پر اعتماد کی تجدید ہے۔
یہ تاریخی تقرری پاکستان کے عالمی فٹ بال گورننس میں مثبت اور تعمیری کردار کو تسلیم کرنے کا مظہر ہے، اور موجودہ حکومت کی فٹبال کے فروغ کے لیے مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے فٹبال کو ایک آزاد، شفاف اور میرٹ پر مبنی کھیل کے طور پر فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
وزیرِ اعظم کی حالیہ ملاقات میں، فیفا کے سینئر نائب صدر شیخ سلمان بن ابراہیم آل خلیفہ کے ساتھ پاکستان کی خودمختار فٹبال فیڈریشن کی بحالی اور بین الاقوامی ایونٹس کی میزبانی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
پاکستان کی فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) ماضی میں غیر ضروری مداخلت کے باعث غیر فعال تھی، لیکن حالیہ چھ ماہ میں پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر فیڈریشن کی بحالی کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔
آئندہ کے لائحہ عمل میں فیفا کے ساتھ تعاون، ٹیلنٹ ڈیولپمنٹ اور صنفی طور پر حساس کھیلوں کی گورننس کو مضبوط کرنا شامل ہے۔ مردوں کی قومی ٹیم کے لیے پہلی خاتون مینیجر کی تقرری بھی اس عمل کا ایک اہم حصہ ہے۔
سیدہ آمنہ بتول کی فیفا میں تقرری پاکستان کو عالمی فٹبال برادری کا ایک معتبر اور تعمیری رکن بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔