(ویب ڈیسک ) بھارتی پولیس کی جانب سے اداکار سیف علی خان پر حملے کے ملزم کی گرفتاری کی تردید کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور نے پولیس سے بچنے کے لیے لباس تبدیل کر لیا تھا۔
بھارتی پولیس نے بالی وڈ اداکار سیف علی خان پر حملے کے ملزم کی گرفتاری کی میڈیا رپورٹس کو مسترد کردیا۔2 روز قبل بھارتی میڈیا پر خبریں سامنے آئی تھیں کہ ممبئی پولیس نے سیف علی خان پر حملہ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
اس کے بعد یہ بھی خبریں سامنے آئیں کہ حملہ آور نے سیف پر حملے سے قبل ممبئی میں شاہ رخ خان کے گھر منت کی بھی 14 جنوری کو ریکی کی تھی لیکن وہ سخت سکیورٹی کے باعث گھر میں داخل ہونے میں ناکام ہوگیا تھا۔جس کے بعد اس نے سیف علی خان کو ٹارگٹ کیا اور ان کے باندرا والے گھر کی ریکی کی۔
لیکن اب بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ پولیس نے واقعے سے متعلق کسی بھی ملزم کی گرفتاری کی تردید کردی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے پولیس سے بچنے کے لیے لباس تبدیل کر لیا تھا تاہم پولیس کو مشتبہ ملزم کی سی سی ٹی وی فوٹیج ملی ہے جس کے تحت اس کی تلاش جاری ہے۔
ریاست مہاراشٹر اکے وزیراعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ ممبئی پولیس کو حملے کے سلسلے میں کچھ سراغ ملے ہیں جن پر کارروائی جاری ہے، جلد بریک تھرو ملنے کی امید ہے۔
کرینہ کپور خان نے اپنے خاندان کے ممبئی کے گھر پر ہونے والے پرتشدد حملے کے بارے میں پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کرایا ہے۔داکارہ کرینہ کپور خان نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ حملے کے دوران حملہ آور نے انتہائی جارحانہ رویہ اپنایا لیکن اپارٹمنٹ میں رکھے زیورات یا کسی قیمتی سامان کو ہاتھ نہیں لگایا۔
باندرہ پولیس کو اپنے بیان میں کرینہ نے بتایا کہ کس طرح حملہ آور نے سیف پر مسلسل حملہ کیا لیکن ایسا نہیں لگتا تھا کہ اس کا ان کے گھر سے چوری کا ارادہ تھا۔
دوبدو لڑائی اس وقت ہوئی جب سیف نے حملہ آور کو اپنے چھوٹے بیٹے جے سے دور کرنے کی کوشش کی۔ سیف علی خان کی بہادری کی بدولت حملہ آور جے تک نہ پہنچ سکا، لیکن سیف کو اس کوشش میں بھاری قیمت چکانی پڑی۔
کرینہ نے پولیس کو بتایا کہ حملے کے بعد وہ کھار میں اپنی بہن کرشمہ کپور کے گھر گئی۔ کرینہ نے اس تکلیف دہ واقعے پر کہا کہ میں خوفزدہ تھی، اس لیے کرشمہ مجھے اپنے گھر لے گئی۔
پولیس نے اس حملے کی تحقیقات کے لیے 30 سے زائد ٹیمیں تشکیل دی ہیں لیکن حملہ آور واقعے کے 48 گھنٹے بعد بھی فرار ہے۔ پولیس حملہ آور کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے مختلف زاویوں سے تحقیقات کر رہی ہے۔ عینی شاہدین کے بیانات اور سی سی ٹی وی فوٹیج کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ حملہ آور کی شناخت ممکن ہو سکے۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ اگر ان کے پاس کسی قسم کی معلومات ہوں تو فوری طور پر پولیس کو آگاہ کریں۔
خیال رہے کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تقریباً 3 بجے کے قریب سیف کے ممبئی کے باندرا والے گھر میں ڈکیتی کی کوشش کی گئی جسے اداکار نے مزاحمت کرکے ناکام بنایا۔
مزاحمت کے دوران سیف علی خان پر چاقو سے حملہ کیا گیا جس سے انہیں 6 زخم آئے جن میں سے 2 کافی گہرے تھے جب کہ ایک زخم ریڑھ کی ہڈی کے قریب ترین تھا۔سیف اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہیں اور گزشتہ روز آپریشن کرکے ان کی ریڑھ کی ہڈی سے چاقو کا 2.5 انچ کا ٹکڑا نکالا گیا۔