(ویب ڈیسک ) اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF) پنجاب نے تعلیمی اداروں میں جاری انسداد منشیات مہم کے سلسلے میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور میں ایک آگاہی سیشن کا انعقاد کیا۔
اس موقع پر علامہ اقبال میڈیکل کالج، یونیورسٹی آف ساؤتھ ایشیا، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی(UET) لاہور، اور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (UMT) کے اہم فیکلٹی ممبران اور طلباء بھی موجود تھے۔
ڈائریکٹر جنرل ANF، میجر جنرل عبدالمعید (ہلال امتیاز ملٹری) نے طلباء اور فیکلٹی ممبران کے ساتھ گفتگو کی۔ انہوں نے معاشرے میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر بھی بات چیت کی اور اس کے تدارک کے لیے ANF کی کاوشوں کو اجاگر کیا۔
طلباء نے ڈی جی ANF کے ساتھ گفتگو میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور متعدد سوالات کیے جن کے جامع جوابات فراہم کیے گئے۔
مزید برآں، طلباء اور فیکلٹی میں سے چند برانڈ ایمبیسڈرز بھی نامزد کیے گئے تاکہ اس پیغام کو وسیع پیمانے پر پھیلایا جا سکے۔