ویب ڈیسک: بھارتی اداکارہ اروشی روٹیلا نے سیف علی خان سے متعلق اپنی غیر حساس تبصروں پر معذرت کے لیے انسٹاگرام پر شیئر کردہ معافی نامہ جاری کرنے کے بعد نہ صرف فوراً ڈیلیٹ کردیا بلکہ مزید ایک اور مبہم پیغام سے سوشل میڈیا پر سنسنی پھیلادی۔
حال ہی میں اداکارہ اروشی روٹیلا کو سوشل میڈیا پر اس وقت تنقید کا نشانہ بنایا گیا جب انہیں اداکار سیف علی خان پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے بات کرتے سنا گیا۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران اداکارہ کا مقصد سیف سے اظہار ہمدردی کرنا تھا لیکن اپنی مہنگی ترین جیولری کی مثال دے کر اسکی نمائش کرنا اداکارہ کو خاصا مہنگا پڑا جس پر انہیں سوشل میڈیا پر کافی ٹرول کیا گیا۔
بعدازاں اداکارہ نے سیف علی خان کے نام ایک معافی نامہ جاری کیا جس میں انہوں نے اپنے کہے الفاظ کی معذرت کی،انسٹاگرام پر جاری پیغام میں اداکارہ نے یہ کہتے ہوئے سیف علی خان سے معافی مانگی کہ وہ انکی اصل صورتحال سے لاعلم تھیں۔
انہوں نے اپنے جاری پیغام میں اداکار سیف علی خان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ’امید کرتی ہوں کہ یہ خط آپ کو صحت اور ہمت کے ساتھ ملے۔ میں ایک بھاری دل اور خلوص کے ساتھ آپ سے معافی مانگ رہی ہوں۔
اروشی نے لکھا کہ’اب تک میں آپ کی صورتحال کی اصل شدت سے لاعلم تھی، اور اپنی اس لاعلمی پر گہرے افسوس کا اظہار کرتی ہوں، اپنی فلم ’ڈاکو مہاراج’ کی کامیابی اور تحفوں کے جوش میں، میں یہ سمجھنے میں ناکام رہی کہ آپ کس قدر سنگین صورتحال سے گزر رہے ہیں، اس پر میں بے حد شرمندہ ہوں۔

انسٹاگرام اسٹوری حذف کیوں؟
ابھی اداکارہ کی جانب سے یہ معافی نامہ منظر عام پر آئے چند ہی وقت گزرا تھا کہ اروشی نے اس پیغام کو نہ صرف جلد ہی حذف کردیا بلکہ ایک اور مبہم پیغام سے سوشل میڈیا پر سنسنی پھیلا دی۔
انسٹاگرام اسٹوری اپڈیٹ کرتے ہوئے اروشی نے لکھا کہ،’ایک سپریم ڈیزاسٹر سے حسد؟ معاوضے پر چلنے والا پی آر حقیقی ٹیلنٹ اور محنت کو چھپا نہیں سکتا۔
ایک اور پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ’جب ناکامی حسد پیدا کرے، تو معاوضے پر چلنے والا پی آر بھی اصل کامیابی کو ماند نہیں کر سکتا۔‘
