گل پلازہ میں خوفناک آتشزدگی، 6 افراد جاں بحق، آگ پر تاحال قابو نہ پایا جاسکا

گل پلازہ میں خوفناک آتشزدگی، 6 افراد جاں بحق، آگ پر تاحال قابو نہ پایا جاسکا
کیپشن: گل پلازہ میں خوفناک آتشزدگی، 6 افراد جاں بحق، آگ پر تاحال قابو نہ پایا جاسکا

ویب ڈیسک: کراچی کے معروف علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں تیسرے درجے کی خوفناک آگ لگنے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

یہ واقعہ رات سوا 10 بجے کے قریب پیش آیا جب گل پلازہ کے گراؤنڈ فلور پر اچانک آگ بھڑک اُٹھی، جو تیزی سے تیسری منزل تک پہنچ گئی۔ عمارت کا ایک حصہ گر چکا ہے اور فائربریگیڈ کی ٹیمیں آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی ہے، جن میں سے 3 افراد جھلس کر اور 3 افراد دم گھٹنے سے زندگی کی بازی ہار گئے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے 5 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔

آگ کی شدت کے باعث گراؤنڈ فلور کی تمام دکانیں جل کر راکھ ہو گئی ہیں، جبکہ گل پلازہ میں 1000 سے زائد دکانیں ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق آگ کی شدت میں اضافے کی وجہ تنگ راستے اور آتش گیر سامان ہیں۔

موقع پر 20 سے زائد فائر بریگیڈ کی گاڑیاں، واٹر باؤزر اور اسنارکلز آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم عمارت کی پرانی حالت کے باعث گرنے کا خدشہ بھی موجود ہے۔ ریسکیو آپریشن احتیاط سے جاری ہے تاکہ مزید جانی و مالی نقصان کو روکا جا سکے۔

Watch Live Public News