گل پلازہ میں آتشزدگی کا بڑاحادثہ،کولنگ پراسیس میں کئی دن لگ سکتے ہیں،چیف فائر آفیسر

گل پلازہ میں آتشزدگی کا بڑاحادثہ،کولنگ پراسیس میں کئی دن لگ سکتے ہیں،چیف فائر آفیسر
کیپشن: گل پلازہ میں آنشزدگی کا بڑاحادثہ،کولنگ پراسیس میں کئی دن لگ سکتے ہیں،چیف فائر آفیسر

ویب ڈیسک: کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں لگنے والی آگ کے حوالے سے چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے کہا ہے کہ یہ ایک بڑا آتشزدگی کا واقعہ ہے اور آگ بجھانے کے بعد کولنگ پراسیس میں تین سے چار دن لگ سکتے ہیں۔

چیف فائر آفیسر کے مطابق گل پلازہ میں تقریباً دو ہزار سے زائد دکانیں موجود ہیں۔ آگ کی اطلاع رات 10 بجکر 27 منٹ پر موصول ہوئی، جس کے بعد پورے کراچی سے 14 فائر ٹینڈرز، 3 اسنارکلز اور 2 باؤزر موقع پر پہنچائے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملنے کے دو منٹ کے اندر فائر بریگیڈ کی گاڑیاں روانہ کر دی جاتی ہیں۔

ہمایوں خان نے کہا کہ فائر فائٹنگ اور ریسکیو آپریشن مسلسل جاری ہے اور آگ پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا تھا، تاہم اسی دوران پلازے کا ایک حصہ اچانک منہدم ہو گیا، جس کے نتیجے میں ایک فائر فائٹر ملبے تلے دب گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ریسکیو کے دوران ایک فائر فائٹر جامِ شہادت نوش کر گیا۔

چیف فائر آفیسر کا کہنا تھا کہ آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے اسے فوری طور پر تیسرے درجے کی آگ قرار دیا گیا۔ گل پلازہ تقریباً پونے دو ایکڑ رقبے پر محیط ہے، جس کے باعث آگ پر مکمل قابو پانے میں وقت لگ رہا ہے۔ فائر بریگیڈ کی ٹیمیں پوری رات آگ کی نگرانی کرتی رہیں جبکہ اب بھی عملہ موقع پر موجود ہے۔

ہمایوں خان نے مزید کہا کہ کوشش ہے آگ کی آخری چنگاری کو بھی مکمل طور پر ٹھنڈا کر دیا جائے۔ آگ بجھنے کے بعد مکمل آڈٹ کیا جائے گا، جس کے بعد حادثے کی وجوہات اور نقصانات سے متعلق تمام حقائق سامنے آ سکیں گے۔

Watch Live Public News