ویب ڈیسک: بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ترجمان نے گل پلازہ میں آتشزدگی کے مقام پر پانی کی عدم فراہمی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں اور بیانات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق سوشل میڈیا پر یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ واٹر ٹینکرز یا فائر بریگیڈ کے پاس آگ بجھانے کے لیے پانی موجود نہیں تھا، تاہم یہ دعوے حقائق کے برعکس ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی واٹر بورڈ کے حکام نے فوری طور پر پانی کی فراہمی شروع کر دی تھی اور متعلقہ ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی۔
ترجمان بلدیہ عظمیٰ کراچی کا کہنا تھا کہ کسی بھی ہنگامی واقعے کی اطلاع ملنے اور جائے وقوعہ تک پہنچنے میں کچھ وقت درکار ہوتا ہے، تاہم تمام متعلقہ ادارے اور عملہ بروقت موقع پر پہنچا اور ریسکیو آپریشن میں بھرپور حصہ لیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی بعض الزام تراش ویڈیوز میں خود پانی کی موجودگی واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے، جو پانی نہ ہونے کے دعووں کی تردید کرتی ہیں۔
ترجمان کے مطابق گل پلازہ میں جاری ریسکیو اور فائر فائٹنگ آپریشن مختلف اداروں کے باہمی تعاون سے انجام دیا جا رہا ہے اور پوری کارروائی میڈیا کی مکمل نگرانی میں جاری ہے، جس سے شفافیت ظاہر ہوتی ہے۔
آخر میں ترجمان نے عوام سے اپیل کی کہ مفروضوں اور افواہوں پر مبنی بیانات پھیلانے سے گریز کریں اور انتظامیہ کو ریسکیو اور امدادی سرگرمیاں مؤثر انداز میں مکمل کرنے دیں۔