ویب ڈیسک: خطے میں نام نہادبالادستی کا بھارتی منصوبہ ناکامی سے دوچار،انتہاپسند پالیسیز کے سبب بھارت عالمی اور علاقائی سطح پرشدید تنہائی کا شکار ہو چکا ہے۔
جنوبی ایشیا میں بھارت کااثرو رسوخ بتدریج کم ترین درجہ پر آگیا۔ مودی کی بدنام سرکارکا علاقائی قیادت کا خواب حقیقت کی زمین پر بکھرنے لگا۔ ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق بنگلہ دیش اور میانمار اب بھارتی حلقۂ اثر سے نکل کر پاکستان اور چین کے قریب آ گئے ہیں۔ سفارتی تنہائی کے باعث بھارت کو سنگین سیاسی اور جغرافیائی چیلنجز درپیش ہیں۔ بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ حکومت کے خاتمے اور اسکی بھارت میں خود ساختہ جلاوطنی کے بعد وہاں بھارت مخالف جذبات میں شدید اضافہ ہوا ہے۔
بین الاقوامی تعلقات کے ماہر سری ردھا دتہ کے مطابق بھارت کو بنگلہ دیش اور میانمار دونوں کے ساتھ تعلقات میں پیچیدگیوں کا سامنا ہے۔ سابق سفارتکار کے پی فے بین کا کہنا ہے کہ بھارت ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے میں مسلسل ناکام رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق بنگلہ دیش مستقبل میں اپنے دفاعی تعلقات مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کی جانب مزید جھکاؤ اختیار کر رہا ہے۔ حالیہ برسوں میں پاکستان کی سیاسی، عسکری اور معاشی کامیابیوں نے اسے عالمی سطح پر ایک مؤثر اور قابلِ اعتماد ملک کے طور پر نمایاں کر دیا ہے۔ خطہ میں مؤثر سفارتی پالیسیوں کے باعث امن واستحکام کے لیے پاکستان اہم ترین کردار ادا کر رہا ہے۔ معرکہ حق میں ذلت آمیز شکست اور مسلسل سفارتی ناکامیوں کے باعث بھارت کا خطے میں اجارہ داری کا ایجنڈا زمیں بوس ہوچکا ہے۔