ویب ڈیسک: کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں گزشتہ رات لگنے والی ہولناک آگ کے بعد متعدد افراد تاحال لاپتا ہیں۔
لاپتا افراد کے اہلخانہ مختلف اسپتالوں میں اپنے پیاروں کی تلاش میں مصروف ہیں۔ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ رات تک رابطہ تھا، لیکن اب ان کے فون بند ہیں۔ سول اسپتال کے برنس سینٹر کے باہر متاثرہ افراد کے اہلخانہ کی بڑی تعداد موجود ہے، اور ان کا خدشہ ہے کہ کئی افراد ابھی بھی عمارت کے اندر موجود ہوں۔
واضح رہے کہ کئی گھنٹوں کی کوششوں کے باوجود آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا، اور آگ کی شدت کے باعث گل پلازہ کے کچھ حصے گر گئے۔ ہفتے کی رات سوا 10 بجے کے قریب گراؤنڈ فلور پر لگی آگ تیزی سے عمارت کی تیسری منزل تک پہنچ گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق، آگ کے نتیجے میں ایک فائر فائٹر سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ 20 افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ جاں بحق افراد میں فراز، کاشف، عامر، اور شہروز شامل ہیں، جبکہ فرقان نامی فائر فائٹر کی لاش بھی ٹراما سینٹر لائی گئی۔
ریسکیو آپریشن اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، اور حکام کا کہنا ہے کہ لاپتا افراد کی تلاش کے لیے مزید کوششیں کی جا رہی ہیں۔