(ویب ڈیسک) اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی گو (ChatGPT Go) کا اعلان کر دیا ہے، جو مقبول اے آئی چیٹ بوٹ کی ایک سستی سبسکرپشن ٹئیر ہے۔
یہ فری ورژن کے مقابلے میں کئی اضافی سہولیات فراہم کرتی ہے، تاہم اس کے ساتھ ایک بڑی تبدیلی بھی آ رہی ہے۔ اوپن اے آئی آنے والے ہفتوں میں چیٹ جی پی ٹی میں اشتہارات کی آزمائش شروع کرے گا، جو موبائل اور ویب دونوں صارفین کو نظر آئیں گے۔
ابتدا میں چیٹ جی پی ٹی گو کو گزشتہ سال بھارت میں لانچ کیا گیا تھا، لیکن 16 جنوری 2026 سے یہ دنیا بھر میں، بشمول امریکہ، دستیاب ہے۔ امریکہ میں اس کی قیمت 8 ڈالر ماہانہ ہے۔ اس رقم کے بدلے صارفین کو فری ورژن کے مقابلے میں 10 گنا زیادہ میسجز، فائل اپ لوڈز اور امیج کری ایشن کی سہولت ملتی ہے۔
ChatGPT Go is rolling out globally in every country where ChatGPT is available.
— OpenAI (@OpenAI) January 16, 2026
ChatGPT Go is our low-cost subscription tier that gives you 10x more messages, file uploads and image creation vs free tier, more memory, longer context window, and unlimited use of GPT 5.2 instant…
8 ڈالر ماہانہ میں زیادہ چیٹ اور امیج جنریشن کی حد:
سب سے اہم بات یہ ہے کہ چیٹ جی پی ٹی گو صارفین کو جدید ترین GPT-5.2 ماڈل تک رسائی حاصل ہوتی ہے، جو بہتر منطقی صلاحیت، حقائق سے مضبوط وابستگی، تیز تر جوابات اور زیادہ محفوظ ردِعمل فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ، چیٹ جی پی ٹی کے تازہ ورژن میں زیادہ بڑی میموری بھی شامل ہے، جس سے زیادہ کانٹیکسٹ کو یاد رکھا جا سکتا ہے۔
چیٹ جی پی ٹی گو (8 ڈالر ماہانہ) پلس (20 ڈالر ماہانہ) اور پرو (200 ڈالر ماہانہ) سبسکرپشن ٹئیرز سے نیچے رکھا گیا ہے، جو زیادہ تر ڈیٹا اینالسٹس، محققین، سائنسدانوں اور دیگر پروفیشنلز کے لیے بنائے گئے ہیں۔ یوں چیٹ جی پی ٹی گو کم قیمت میں زیادہ استعمال کی حد اور تخلیقی کنٹرول فراہم کرنے والا ایک اپ گریڈ ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اوپن اے آئی نے بھارت میں اہل صارفین کے لیے چیٹ جی پی ٹی گو کو 12 ماہ کے لیے مفت پیش کیا ہے، جو ایک محدود مدت کی پروموشنل آفر ہے۔ عام حالات میں بھی بھارتی کرنسی میں تبدیل کرنے پر اس کی قیمت 5 ڈالر سے کچھ کم بنتی ہے۔
اشتہارات کی آزمائش:
دوسری جانب، اوپن اے آئی جلد ہی امریکہ میں فری ٹئیر اور چیٹ جی پی ٹی گو کے لیے اشتہارات کی آزمائش شروع کرے گا۔ مہنگی سبسکرپشن ٹئیرز فی الحال اشتہارات سے پاک رہیں گی۔ابتدائی مرحلے میں اشتہارات چیٹ جی پی ٹی کے جوابات کے نیچے دکھائے جائیں گے، خاص طور پر اس وقت جب صارف کی گفتگو سے متعلق کوئی اسپانسرڈ پروڈکٹ یا سروس موجود ہو۔
In the coming weeks, we plan to start testing ads in ChatGPT free and Go tiers.
— OpenAI (@OpenAI) January 16, 2026
We’re sharing our principles early on how we’ll approach ads–guided by putting user trust and transparency first as we work to make AI accessible to everyone.
What matters most:
- Responses in… pic.twitter.com/3UQJsdriYR
اوپن اے آئی کے مطابق، یہ اشتہارات واضح طور پر لیبل کیے جائیں گے اور اصل جوابات سے الگ ہوں گے۔
سب سے اہم بات یہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ صارفین کی گفتگو مشتہرین کے ساتھ شیئر نہیں کی جائے گی اور اشتہارات چیٹ بوٹ کے جوابات پر اثر انداز نہیں ہوں گے۔ اسے دنیا کے مقبول ترین چیٹ بوٹس میں اشتہارات کے ایک نرم آغاز کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔