ویب ڈیسک: قلات میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے قوال برادری کی شہادت کا واقعہ ، واقعے کے 6 زخمیوں اور ان کے ساتھیوں کو کراچی پہنچا دیا گیا ۔
خصوصی جہاز کے ذریعے متاثرین کو کوئٹہ سے کراچی منتقل کیا ہے، شہداء کے ساتھیوں کے آتے ہی پی آئی بی کالونی میں واقع گھر میں کہرام مچ گیا ۔
محکمہ اوقاف و مذہبی امور سندھ سید ریاض حسین شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے خصوصی جہاز کے ذریعے شہداء کے چھ ساتھیوں کو کراچی لایا گیا ہے ،کچھ زخمی کوئٹہ کے سی ایم ایچ اسپتال میں زیر علاج ہیں،حکومت سندھ اور بلوچستان کے تمام ذمہ داران رابطے میں ہیں۔
یاد رہے کہ بلوچستان کے علاقے قلات میں مسافر بس پر فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں کراچی کے معروف ماجد علی صابری قوال گروپ کے 3 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں احمد علی صابری، نوجوان رضا علی صابری، اور ساون سمیت دیگر شامل ہیں۔
پی آئی بی کالونی میں مقیم قوالوں کا 14 رکنی گروپ جو ماجد علی صابری گروپ کے نام سے جانا جاتا ہے، کوئٹہ میں شادی کی ایک تقریب میں شرکت کے لیے حاجی امتیاز لہڑی کی دعوت پر بدھ کی صبح ساڑھے سات بجے کراچی سے روانہ ہوا تھا۔
قلات کے قریب سفر کے دوران جب منزل صرف پونے گھنٹے کی مسافت پر رہ گئی تھی تو نامعلوم افراد نے ان کی مسافر بس پر فائرنگ کر دی تھی۔