ویب ڈیسک: خاندانی تنازع پر ناراض شوہر نے انتہائی سنگدل قدم اٹھاتے ہوئے اپنی بیوی، بچوں اور سسر کو زہریلا مشروب پلا دیا، جس کے نتیجے میں سسر جان کی بازی ہار گیا، جب کہ بیوی اور بچے شدید تشویشناک حالت میں زیر علاج ہیں۔
پولیس کے مطابق، متاثرہ خاتون شوہر سے ناراضگی کے باعث کچھ عرصے سے اپنے والد کے گھر مقیم تھی اور طلاق کے لیے عدالت سے رجوع بھی کر چکی تھی۔ اس صورتحال پر ملزم سخت ناراض تھا۔
حکام کے مطابق، ملزم نے زہریلا مشروب تیار کر کے ایک پڑوسی بچے کے ذریعے بیوی کے گھر بھجوایا۔ مشروب پینے کے نتیجے میں سسر کی حالت بگڑ گئی، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔
ادھر، زہریلا مشروب پینے والی خاتون اور ان کے بچے بھی شدید متاثر ہوئے، جنہیں پہلے کنڈیارو اسپتال لے جایا گیا، بعد ازاں حالت نازک ہونے پر گمبٹ منتقل کر دیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق ان کی حالت تاحال تشویشناک ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا ہے، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔