آئی پی ایل نے بی سی سی آئی کو کروڑوں کا خزانہ دے دیا

آئی پی ایل نے بی سی سی آئی کو کروڑوں کا خزانہ دے دیا
کیپشن: آئی پی ایل نے بی سی سی آئی کو کروڑوں کا خزانہ دے دیا

ویب ڈیسک: بھارتی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے خزانے میں موجود بے پناہ دولت کا بڑا ذریعہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ہے، جو بورڈ کے لیے سب سے زیادہ منافع بخش ایونٹ بن چکا ہے۔

رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی نے مالی سال 2023-24 میں مجموعی طور پر 9,741 کروڑ روپے سے زائد کمائے، جن میں سے صرف آئی پی ایل کے ذریعے 5,761 کروڑ روپے کی آمدنی ہوئی—یعنی کل آمدن کا تقریباً 59 فیصد حصہ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ کی آمدنی صرف آئی پی ایل تک محدود نہیں بلکہ ویمنز پریمیئر لیگ، اسپانسرشپ معاہدے، میڈیا رائٹس، اور بینک سود جیسے ذرائع بھی شامل ہیں۔ بی سی سی آئی کے ریزرو فنڈز میں اس وقت تقریباً 30 ہزار کروڑ روپے موجود ہیں۔

مزید یہ کہ بھارتی بورڈ کو بینکوں میں موجود رقوم پر سالانہ 1,000 کروڑ روپے کے قریب سود بھی حاصل ہوتا ہے، جبکہ آئی سی سی (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) سے بھی بھاری معاوضہ ملتا ہے جو بورڈ کی مالی طاقت کو مزید مستحکم کرتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی دنیا کے امیر ترین کھیلوں کے اداروں میں شامل ہو چکا ہے، اور اس کی سب سے بڑی وجہ آئی پی ایل کی مارکیٹنگ، اسپانسرز اور ٹی وی نشریاتی حقوق کی تاریخی کامیابیاں ہیں۔

Watch Live Public News