ویب ڈیسک: بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) نے انگلینڈ کے خلاف جاری ون ڈے سیریز کے آخری میچ میں سابق بھارتی کپتان روہت شرما کی ممکنہ ریٹائرمنٹ سے متعلق گردش کرنے والی قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا ہے۔
بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیواجیت سائیکیا نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ ایسی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں کہ روہت شرما لارڈز میں کھیلا جانے والا سیریز کا آخری میچ اپنے کیریئر کا اختتامی میچ بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ روہت شرما ون ڈے ٹیم کے اہم اور مستقل رکن ہیں اور جب تک وہ دستیاب اور فٹ ہوں گے، بھارتی ٹیم کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔ ان کے بقول، لارڈز میں کھیلا جانے والا میچ روہت شرما کے کیریئر کا آخری میچ نہیں ہوگا۔
روہت شرما کی ریٹائرمنٹ سے متعلق قیاس آرائیوں نے اس وقت زور پکڑا جب جمعرات کو کارڈف میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں بھارت کو انگلینڈ کے ہاتھوں 4 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس میچ کے بعد سوشل میڈیا اور بھارتی میڈیا کے بعض حلقوں میں ان کی مستقبل کی منصوبہ بندی سے متعلق مختلف دعوے سامنے آئے، تاہم بی سی سی آئی نے اب ان تمام افواہوں کی باضابطہ طور پر تردید کر دی ہے۔