عدالت نے عمر ایوب کو اشتہاری قرار دیکر دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے

عدالت نے عمر ایوب کو اشتہاری قرار دیکر دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے
کیپشن: عدالت نے عمر ایوب کو اشتہاری قرار دیکر دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے

ویب ڈیسک: اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق مقدمے میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف عمر ایوب کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے کی۔ دورانِ سماعت عدالت کو بتایا گیا کہ متعدد بار طلبی کے نوٹسز اور عدالتی احکامات جاری کیے جانے کے باوجود عمر ایوب عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

عدالت نے مسلسل عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا کہ ملزم کی جانب سے عدالت میں پیش نہ ہونا عدالتی کارروائی سے گریز کے مترادف ہے، لہٰذا اشتہاری کی کارروائی مکمل کرتے ہوئے ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاتے ہیں تاکہ انہیں گرفتار کر کے عدالت کے روبرو پیش کیا جا سکے۔

عمر ایوب کے خلاف مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ میں درج ہے، جس میں 26 نومبر کو ہونے والے پی ٹی آئی احتجاج کے دوران دفعہ 144 کی مبینہ خلاف ورزی، کارِ سرکار میں مداخلت اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

عدالت نے متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ عمر ایوب کی گرفتاری کے لیے تمام قانونی اقدامات کیے جائیں اور انہیں آئندہ سماعت پر عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔

Watch Live Public News