روس کا کہنا ہے کہ پاکستان کو تیل کی خریداری پر کوئی خصوصی رعایت نہیں دی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق سینٹ پیٹرز برگ میں عالمی اقتصادی کانفرنس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے روس کے وزیر توانائی نکولائی شلگینوف نےکہا کہ پاکستان کو تیل کی سپلائی شروع ہوچکی ہے اور اس کی مد میں چینی کرنسی یوآن کو بطور ادائیگی قبول کرنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے تیل کی قیمت میں کوئی خصوصی رعایت نہیں کی گئی، پاکستان کو بھی دیگر خریداروں کے برابر قیمت میں تیل دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے 11 جون کو اعلان کیا کہ پہلا "روسی رعایتی خام تیل کا کارگو" جنوبی شہر کراچی کی بندرگاہ پر پہنچ گیا ہے ۔انہوں نے اس کھیپ کو اسلام آباد اور ماسکو کے درمیان "ایک نئے تعلقات کا آغاز" قرار دیا۔اس کے بعد وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے بتایا تھا کہ پاکستان نے روسی خام تیل کی درآمد کے لیے روس کو یوآن میں ادائیگی کی ہے۔