حکومت کا 5 اور 10 مرلہ گھروں پر ٹیکس میں نمایاں کمی کا اعلان

حکومت کا 5 اور 10 مرلہ گھروں پر ٹیکس میں نمایاں کمی کا اعلان
کیپشن: حکومت کا 5 اور 10 مرلہ گھروں پر ٹیکس میں نمایاں کمی کا اعلان

ویب ڈیسک: وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے 5 اور 10 مرلہ کے گھر خریدنے اور فروخت کرنے والے شہریوں کے لیے ٹیکسوں میں واضح کمی کا اعلان کیا ہے۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ مالی سال 2026-27 کا بجٹ عوامی ریلیف پر مبنی ہے، جس کے تحت چھوٹے گھروں کی خرید و فروخت پر ٹیکسوں میں کمی کی گئی ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ ہاؤسنگ سیکٹر 12 بڑی صنعتوں سے جڑا ہوا ہے، جنہیں حکومت کی جانب سے ریلیف دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق وفاقی حکومت نے رئیل اسٹیٹ اور ہاؤسنگ سیکٹر کے فروغ کے لیے “وزیراعظم اپنا گھر اسکیم” کے تحت اب تک 90 ارب روپے جاری کیے ہیں تاکہ عوام کو چھت کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تمام برآمد کنندگان (ایکسپورٹرز) کے لیے سپر ٹیکس ختم کر دیا گیا ہے تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے۔ ان کا کہنا تھا کہ برآمدات بڑھنے سے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئے گی، اور یہ بجٹ مجموعی طور پر ریلیف اور خوشحالی کا آغاز ہے۔

ملکی معاشی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ایک وقت میں پاکستان ڈیفالٹ کے قریب پہنچ چکا تھا اور معاشی اشاریے انتہائی کمزور تھے، تاہم مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے نواز شریف کے وژن کے مطابق معیشت کو سنبھالا دیا۔

انہوں نے کہا کہ جب وزیراعظم شہباز شریف نے ذمہ داری سنبھالی تو حکومت کو شدید معاشی بحران کا سامنا تھا، تاہم مسلسل کوششوں سے معیشت کو استحکام کی راہ پر گامزن کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم، وزیر خزانہ اور فیلڈ مارشل کی مشترکہ کوششوں سے ملک ترقی اور خوشحالی کی سمت بڑھ رہا ہے۔

عطا تارڑ نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے متعلق سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے تحت 838 ارب روپے مختص ہیں، جس سے خواتین کے ذریعے ایک کروڑ سے زائد خاندان مستفید ہو رہے ہیں۔

Watch Live Public News