(ویب ڈیسک ) جاپانی چاکلیٹ ساز کمپنی میٹ ( MATTE) نے دنیا کی سب سے باریک چاکلیٹ تیار کی ہے، جس کی موٹائی صرف 0.03 ملی میٹر ہے۔
فروری 2024 میں اجابودائی ہلز گارڈن پلازہ ( Azabudai Hills Garden Plaza)، ٹوکیو میں قائم MATTE Bottega del Cioccolato نے اپنی منفرد چاکلیٹ کورٹیسیا "Corteccia" متعارف کروائی، جس نے بہت کم وقت میں غیرمعمولی شہرت حاصل کر لی۔ اطالوی زبان میں کورٹیسیا "Corteccia" کا مطلب درخت کی چھال ہے، اور اسے دنیا کی سب سے باریک چاکلیٹ قرار دیا جا رہا ہے۔
اس شاہکار چاکلیٹ کو تیار کرنے کے لیے ایک خصوصی مشین استعمال کی جاتی ہے، جسے مقامی مشینری ماہرین کے تعاون سے تقریباً ڈیڑھ سال میں تیار کیا گیا۔ یہ مشین چاکلیٹ کی ایسی انتہائی باریک تہہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے جو دنیا میں کہیں اور دستیاب نہیں۔

کمپنی کے بانی میٹیو سانکلیکا ( Matteo Sanclicca) کا مقصد ایسی چاکلیٹ بنانا تھا جو منہ میں رکھتے ہی پگھل جائے اور ایک منفرد ذائقہ و احساس فراہم کرے۔ ان کے مطابق چاکلیٹ کا بہترین لمحہ وہ ہوتا ہے جب وہ زبان پر آہستہ آہستہ پگھلنے لگتی ہے، اور کورٹیسیا Corteccia اسی تجربے کو پیش کرنے کے لیے تخلیق کی گئی۔
صرف 0.03 ملی میٹر موٹی چاکلیٹ کی تہہ کو رول کر کے درخت کی باریک ٹہنی جیسی شکل دی جاتی ہے، جس کی سطح درخت کی چھال سے مشابہ دکھائی دیتی ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ چاکلیٹ زبان کو چھوتے ہی فوراً پگھل جاتی ہے اور ایک بالکل نیا ذائقہ اور احساس فراہم کرتی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بہت سے لوگوں نے کورٹیسیا ( Corteccia) کی نقل بنانے کی کوشش کی، لیکن اب تک کوئی بھی اس میں کامیاب نہیں ہو سکا، کیونکہ اس کی تیاری میں استعمال ہونے والی مشین منفرد ہے اور صرف MATTE کی ٹوکیو ورکشاپ میں موجود ہے۔