ویب ڈیسک: بنگلادیش میں دو منفرد البینو بھینسیں سوشل میڈیا پر خصوصی توجہ کا مرکز بن گئی ہیں، جنہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو سے مشابہت کی وجہ سے جانا جا رہا ہے۔
عیدالاضحیٰ سے قبل، دارالحکومت ڈھاکہ کے قریب نارائن گنج میں واقع فارم پر لوگ ان بھینسوں کو دیکھنے اور تصاویر لینے کے لیے جمع ہو رہے ہیں۔
ان میں سے ایک بھینس، جس کا وزن 700 کلوگرام ہے، گلابی جلد اور سنہرے بالوں کی وجہ سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مشابہت رکھتی ہے۔ فارم کے مالک ضیاالدین مردھا کے مطابق، بھینس کو دیکھنے کے لیے روزانہ درجنوں لوگ آتے ہیں۔ ضیاالدین نے بتایا کہ یہ بھینس تقریباً 10 ماہ قبل مویشی منڈی سے خریدی گئی تھی، اور ان کے چھوٹے بھائی نے مذاق میں اس کے سر پر سنہرے بال دیکھ کر اس کا نام ڈونلڈ ٹرمپ رکھ دیا۔
نارائن گنج میں موجود دوسری بھینس بھی سوشل میڈیا کی توجہ حاصل کر رہی ہے، جس کی آنکھیں اور بال اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے مشابہت رکھتے ہیں۔ یہ بھینس 750 کلوگرام سے زائد وزنی اور مبینہ طور پر جارحانہ مزاج کی مالک ہے۔