ویب ڈیسک: بھارت میں ایک شیر کے سڑک کے عین وسط میں بیٹھ جانے سے ٹریفک طویل وقت تک معطل رہی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ مہاراشٹر کی چاندرا پور–موہرلّی روڈ پر پیش آیا، جہاں اچانک ایک شیر کے نمودار ہونے سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ شیر تقریباً آدھے گھنٹے تک سڑک کے بیچ میں ہی بیٹھا رہا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔
رپورٹس کے مطابق یہ شیر، جسے مقامی طور پر "مامہ میل" کہا جاتا ہے، اس ہفتے کے آغاز میں سڑک پر دیکھا گیا۔ متعدد ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شیر بے خوف سا بیٹھا ہے جبکہ دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ شیر اس علاقے میں پہلے بھی نظر آتا رہا ہے، حتیٰ کہ اس نے ماضی میں علاقے میں دو بیلوں کو بھی ہلاک کیا تھا۔ مقامی رہائشیوں نے بتایا کہ گزشتہ چند دن سے شاہراہ کے قریب شیر کی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا جا رہا تھا۔
#Watch | A video from Maharashtra's Chandrapur district has gone viral on social media, capturing a rare yet risky moment on the Chandrapur-Moharli road near Tadoba. In the footage, a tiger cub, believed to be the offspring of tigress Madhu, is seen sitting calmly in the middle… pic.twitter.com/gsU7D40I5K
— NDTV (@ndtv) November 28, 2025
ویڈیوز میں واضح ہے کہ لوگ محفوظ فاصلے پر کھڑے ہو کر شیر کی تصویریں اور ویڈیوز بناتے رہے، لیکن کوئی بھی شخص یا گاڑی آگے بڑھنے کی ہمت نہ کر سکی۔ کچھ دیر بعد محکمہ جنگلات کے اہلکار پہنچے اور صورت حال کی نگرانی کی، جس کے بعد شیر خود ہی جنگل کی جانب واپس چلا گیا۔
چاندرا پور–موہرلّی روڈ پر ایسے واقعات مسلسل سامنے آ رہے ہیں۔ گزشتہ ماہ بھی ایک مادہ شیرنی نے اسی سڑک پر دو پہیہ گاڑیوں پر حملے کر کے مسافروں کو خوفزدہ کر دیا تھا، جبکہ "مامہ میل" بھی حالیہ ہفتوں میں متعدد بار دکھائی دیا ہے۔
یہ شاہراہ تادوبا ٹائیگر ریزرو کے قریب سے گزرتی ہے، جہاں لگ بھگ 300 شیر آباد ہیں۔ جنگل اور آبادی کے درمیان کم ہوتا فاصلہ اور تیزی سے پھیلتی آبادی کے باعث ریف یو کے باہر شیر کے آنے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔