لاہور: مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ خوف کا بُت خوف خدا اختیار کرنے سے ٹوٹتا ہے، شہیدوں کے مجسمے توڑنے سے نہیں، فتنے نے پورے ملک خاص طورپر نوجوانوں کو جھوٹ بول بول کر ورغلایا ، ذہنوں میں نفرت کی زہریلی فصل کاشت کی. پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف کی صدارت میں ایم ایس ایف سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔ پنجاب میں ایک ماہ کے عرصے میں پچاس ہزار سے زائد طلبہ اور طالبات کی رجسٹریشن مکمل کی گئی۔ اجلاس میں مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن (ایم ایس ایف) کی پورے ملک میں تنظیم نو کے عمل پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا ۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ ایم ایس ایف نوجوانوں نسل کا ہراول دستہ ہے، آپ نظریہ پاکستان کے پرچم بردار ہیں، ایم ایس ایف کو فعال کرنے کا مقصد نوجوان نسل کو نظریاتی خطوط پر تربیت دینا ہے ، چاہتی ہوں کہ ملک بھر میں اپنے بیٹوں اور بیٹیوں کو’ تعمیر پاکستان فورس ‘بناﺅں، نوجوانوں میں سے مستقبل کی قیادت سامنے لائیں گے۔ چیف آرگنائزر مریم نوازشریف نے کہا کہ معاشرے کو تخریب کارکی تخریب کاری کے اثرات سے پاک کرنا ہے، 60 ارب کے چور نے اپنی چوریاں چھپانے کے لئے نوجوان کارکنوں کو تخریب کار فورس بنایا ، 9 مئی اصل میں نوجوان نسل اور پاکستان کو لڑانے کی مذموم سازش تھی، منظم منصوبہ بندی کے تحت نوجوانوں کے ذہن میں زہر بھرا گیا، مٹھی بھر مسلح جتھوں کے ذریعے پاکستان پر حملے کے لئے استعمال کیاگیا۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی تعلیم، صحت اور مثبت سرگرمیوں میں شرکت پاکستان کی ترقی کا راستہ ہے، خوف کا بُت خوف خدا اختیار کرنے سے ٹوٹتا ہے، شہیدوں کے مجسمے توڑنے سے نہیں، فتنے نے پورے ملک خاص طورپر نوجوانوں کو جھوٹ بول بول کر ورغلایا ، ذہنوں میں نفرت کی زہریلی فصل کاشت کی، قوم خاص طورپر نوجوانوں کے ذہن میں تحمل، برداشت، علم وآگاہی کے بیج بونے ہیں،یہ سمجھنا ہے کہ تخریب اور تعمیر کی قوتوں میں کیا فرق ہے، دہشت گردی اور احتجاج میں کیا فرق ہے، نوجوانوں کو کسی شرپسند، فتنہ پرور، سیاسی ٹھگ کی خواہشات کی بھٹی کا ایندھن نہیں بننے دیں گے۔ مریم نواز نے کہا کہ ان شاءاللہ ، قوم کے اتحاد ، یک جہتی اور بھائی چارے کو مضبوط کریں گے، قوم کی تقسیم ختم، امن اور برداشت واپس لائیں گے ، معیشت بحال ہوگی ، کاروبارپھر سے چلے گا، نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔