بھارت پاکستان میں جاری دہشتگردی کااصل سرپرست ہے،ڈی جی آئی ایس پی آر

بھارت پاکستان میں جاری دہشتگردی کااصل سرپرست ہے،ڈی جی آئی ایس پی آر
کیپشن: بھارت پاکستان میں جاری دہشتگردی کااصل سرپرست ہے،ڈی جی آئی ایس پی آر

ویب ڈیسک: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے بھارت خطے، خاص طور پر پاکستان میں دہشتگردی کی سرپرستی کر رہا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آرلیفٹینٹ جنرل احمد شریف نےآر ٹی عریبیہ سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ پاک بھارت تناؤ کو سمجھنے کے لیے اس کا پس منظر جاننا بہت ضروری ہے، بھارت خطے، خاص طور پر پاکستان میں دہشتگردی کی سرپرستی کر رہا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا بھارت حقیقت چھپانے کے لیے جھوٹے بیانیے کے پیچھے چھپ رہا ہے، پہلگام واقعے کے چند منٹ بعد بھارتی میڈیا نے پاکستان کو الزام لگانا شروع کر دیا۔

ان کا کہنا تھا ترجمان بھارتی وزارت خارجہ نے 2 دن بعد تسلیم کیا کہ تفتیش ابھی جاری ہے، بغیر تفتیش اور شواہد کے الزامات لگانا کہاں کی دانشمندی ہے؟

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا پاکستان نےکہا ثبوت ہے تو غیرجانبدار ادارے کو دیں، ہم تعاون کے لیے تیار ہیں، بھارت نے اس منطقی پیشکش کو رد کر دیا، بھارت نے یکطرفہ کارروائی میں ہماری مساجد پر میزائل داغے، بھارت نے بچوں، خواتین اور بزرگوں کو شہید کیا۔ 

ڈی جی آئی ایس پی آر  کے مطابق   بھارت پاکستان میں جاری دہشت گردی کا اصل سرپرست ہے، ملک کی خودمختاری ،سرحدوں کا تحفظ ہے پاک افواج کی ذمہ داری ہے، ہم نے یہ ذمہ داری پوری کی، اور ہر قیمت پرکریں گے، پاکستان نے فوری، سخت،مؤثر جواب دیا جس سے بھارت کو حقیقت کا سامنا کرنا پڑا، 6 اور 7 مئی کی رات کو بھارت نے حملہ کیا، میزائل فائر کیے،پاک فضائیہ نے ان کے 5 طیارے مار گرائے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہناہے کہ قوم اورافواجِ پاکستان سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہو گئیں،دشمن نے 9 اور 10 مئی کی شب مزید میزائل داغے، بھارت بھول گیا کہ پاک افواج نہ کبھی جھکتی ہیں، نہ جھکائی جا سکتی ہیں،10 مئی کی صبح  ذمہ داری  سے بھارت کےفوجی اہداف کو نشانہ بنایا، شہری ہدف کو نقصان نہیں پہنچایا ،مناسب، منصفانہ اورمتوازن جواب تھا، بھارتی وزارتِ دفاع کے ترجمان نے خود آ کر جنگ بندی کی درخواست کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے مزید کہاہے کہ ہم امن اور استحکام کے خواہاں ہیں، تو ہم نے کہا کہ کیوں نہیں؟،سفارتی کور نے انتہائی فہم و فراست سے عالمی برادری کو انگیج کیا، ہم پرتشدد قوم نہیں،ہم ایک سنجیدہ قوم ہیں،ہماری پہلی ترجیح امن ہے،امریکا سمیت بڑی طاقتیں،سمجھتی ہیں کہ پاکستان کے عوام کا جذبہ کیا ہے۔

Watch Live Public News