(ویب ڈیسک ) ترجمان دفترخارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار 19 سے 21 مئی تک بیجنگ کا سرکاری دورہ کریں گے۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ وہ یہ دورہ عوامی جمہوریہ چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کی دعوت پر کر رہے ہیں، دورے کے دوران دونوں وزرائے خارجہ جنوبی ایشیا کی بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال اور امن و استحکام پر اس کے مضمرات پر تفصیلی بات چیت کریں گے۔
ترجمان کے مطابق دونوں فریقین پاک چین دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا بھی جائزہ لیں گے،باہمی دلچسپی کی علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ترجما ن دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان جاری اعلیٰ سطحی تبادلوں کا حصہ ہے۔یہ آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کی بھی نشاندہی کرتا ہے۔