ویب ڈیسک: متحدہ عرب امارات نے نجی شعبے میں ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے ”ویج پروٹیکشن سسٹم“ کے تحت ایک نیا ضابطہ متعارف کرایا ہے۔
منسٹری آف ہیومن ریسورسز اینڈ امیریٹائزیشن کے مطابق، تمام نجی کمپنیوں کو یکم جون 2026 سے ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو پچھلے ماہ کی تنخواہیں ادا کرنا لازمی ہوگی۔ مقررہ وقت کے بعد کی گئی ادائیگی کو تاخیر تصور کیا جائے گا اور خلاف ورزی پر جرمانے یا انتظامی کارروائی ہو سکتی ہے۔
نئے ضابطے کے تحت تمام رجسٹرڈ کمپنیوں کو تنخواہیں منظور شدہ ویج پروٹیکشن سسٹم یا وزارت کی اجازت یافتہ دیگر ذرائع سے ادا کرنی ہوں گی۔ کمپنیوں کو تنخواہوں کے ریکارڈ اور ادائیگی کے ثبوت وزارت کو فراہم کرنا ہوں گے۔ اگر کوئی کمپنی ملازمین کو کم از کم 85 فیصد تنخواہ بروقت ادا کر دے تو اسے قواعد کی پابندی کرنے والی کمپنی سمجھا جائے گا، تاہم ملازمین کو اپنی مکمل واجب الادا رقم کا مطالبہ کرنے کا حق برقرار رہے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس قانون کا مقصد ملازمین کے حقوق کا تحفظ، اجرتوں کی بروقت ادائیگی اور نجی شعبے میں شفافیت کو فروغ دینا ہے۔