(ویب ڈیسک ) قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی میں بھارت کے ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ کر ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
پاکستانی بلے باز بابر اعظم نے پیر کو ہوبارٹ میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جانے والے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں 28 گیندوں پر 41 رنز بنائے ، جس کے بعد وہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں رنز کے اعتبار سے کوہلی سے آگے نکل گئے ہیں۔
بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے جبکہ اس فہرست میں بھارتی بلے باز روہت شرما کا پہلا نمبر ہے۔
بابر اعظم 126 میچز کھیل کر 4192 رنز بناکر اس فہرست میں دوسرے جبکہ کوہلی 125 میچز میں 4188 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
خیال رہے کہ ویرات کوہلی اور روہت شرما ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔
یاد رہے کہ ہوبارٹ میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی آسٹریلیا نے پاکستان کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے سیریز میں وائٹ واش کر لیا۔