ویب ڈیسک: یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے فرانس کے ساتھ ایک اہم دفاعی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں، جسے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس معاہدے کے تحت یوکرین آئندہ 10 برسوں کے دوران فرانس سے 100 رافیل جنگی طیارے، ڈرونز، ریڈارز، ایئر ڈیفنس سسٹمز، اسمارٹ گائیڈڈ بم اور دیگر جدید عسکری ساز و سامان خریدے گا۔
پیرس میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر زیلنسکی نے اس معاہدے کو ’’تاریخی‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعاون یوکرین کی طویل المدت سکیورٹی کو نئی مضبوطی فراہم کرے گا۔
فرانسیسی صدر میکرون نے بھی معاہدے کو دونوں ممالک کے اسٹریٹجک تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ معاہدے میں شامل ڈرونز، انٹرسیپٹر، گائیڈڈ میزائل اور جدید فضائی دفاعی نظام کی پہلی کھیپ کی ترسیل آئندہ تین برسوں کے اندر شروع کر دی جائے گی۔