ویب ڈیسک: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ موبائل فون کسی بھی وقت بلاک کیے جا سکتے ہیں۔
ملک میں غیر رجسٹرڈ موبائل عام طور پر کم قیمت میں دستیاب ہوتے ہیں کیونکہ ان پر کسٹم ڈیوٹی یا ٹیکس ادا نہیں کیا جاتا، جس کے باعث یہ کم آمدنی والے صارفین کے لیے پُرکشش سمجھے جاتے ہیں۔ تاہم پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ ڈی آئی آر بی ایس سسٹم کے تحت صرف وہی ڈیوائسز نیٹ ورک پر چل سکیں گی جو باقاعدہ طور پر منظور شدہ ہوں۔
پی ٹی اے کے مطابق صارفین #06# ڈائل کر کے اپنے موبائل کا 15 ہندسوں پر مشتمل آئی ایم ای آئی (IMEI) نمبر حاصل کر سکتے ہیں، اور پھر PTA کی ویب سائٹ یا 8484 پر ایس ایم ایس کے ذریعے اپنے فون کا اسٹیٹس چیک کر سکتے ہیں۔
اتھارٹی نے مشورہ دیا ہے کہ شہری اپنے موبائل فون کو بلاک ہونے سے پہلے رجسٹر کروالیں تاکہ نیٹ ورک، کالز اور انٹرنیٹ سروسز بغیر رکاوٹ کے استعمال ہو سکیں۔ پی ٹی اے نے زور دیا کہ ذمہ دار ڈیجیٹل شہری صرف اتھارٹی سے منظور شدہ ڈیوائسز کا استعمال کریں۔