دنگل گرل زائرہ وسیم پیاگھر سدھارگئیں

دنگل گرل زائرہ وسیم پیاگھر سدھارگئیں
کیپشن: دنگل گرل زائرہ وسیم پیاگھر سدھارگئیں

ویب ڈیسک: بالی وڈ کی مقبول فلم ”دنگل“ اور ”سیکرٹ سپر اسٹار“ سے شہرت حاصل کرنے والی سابق اداکارہ زائرہ وسیم نے اپنی شادی کا اعلان کر دیا ہے۔ زائرہ نے سوشل میڈیا پر نکاح کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اپنی زندگی کے نئے باب سے آگاہ کیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

زائرہ وسیم نے انسٹاگرام پر دو تصاویر پوسٹ کیں — پہلی تصویر میں وہ نکاح نامہ پر دستخط کرتی دکھائی دیتی ہیں، جبکہ دوسری میں وہ اپنے شوہر کے ہمراہ رات کے وقت آسمان تلے کھڑی ہیں۔ زائرہ نے سادہ مگر خوبصورت گہرے سرخ دوپٹے میں جبکہ دلہا کریم رنگ کی شیروانی میں ملبوس نظر آ رہا ہے۔ ان تصاویر کی سادگی اور سکون بھری فضا نے مداحوں کے دل جیت لیے۔

یاد رہے کہ زائرہ وسیم نے صرف 16 سال کی عمر میں عامر خان کی فلم ”دنگل“ سے بالی وڈ میں قدم رکھا اور اپنی شاندار اداکاری سے نیشنل فلم ایوارڈ برائے بہترین معاون اداکارہ حاصل کیا۔ اس کے بعد انہوں نے ”سیکرٹ سپر اسٹار“ میں مرکزی کردار ادا کیا، جس نے انہیں نوجوان اداکاراؤں کی صفِ اول میں پہنچا دیا۔

تاہم، 2019 میں زائرہ نے مذہبی وجوہات کی بنیاد پر فلم انڈسٹری چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے اس وقت کہا تھا کہ فلمی دنیا کا حصہ رہنا ان کے ایمان سے متصادم ہے۔ شوبز سے کنارہ کشی کے بعد زائرہ نے زیادہ تر روحانی اور مذہبی پیغامات شیئر کیے، مگر اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں خاموش رہیں۔

ان کی شادی کی خبر کو مداحوں نے بے حد خوشی سے قبول کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ان کی پوسٹ پر تبصروں کا تانتا بندھ گیا ہے، جہاں صارفین انہیں دعائیں، نیک تمنائیں اور نئی زندگی کی مبارکباد دے رہے ہیں۔ زائرہ کے پرانے مداحوں نے ان کی سادگی، حیا اور نئے آغاز کو سراہتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

Watch Live Public News