ویب ڈیسک:پاکستان کرکٹ بورڈ نے واضح کیا ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان کا نام فائنل نہیں کیا۔
ترجمان پی سی بی کا کہنا تھا کہ تاحال پاکستان ون ڈے ٹیم کی کپتانی سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا، مائیک ہیسن نے چیئرمین سے سلیکشن کمیٹی اور ایڈوائزری کمیٹی کی جوائنٹ میٹنگ بلانے کا کہا ہے۔
سلیکشن کمیٹی اور ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس 20 اکتوبر کو ہوگا،اجلاس میں پاکستان ون ڈے کے کپتان کا فیصلہ کیا جائیگا۔
اس سے قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ محمد رضوان کو ایک روزہ کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے ہٹائے جانے کا امکان ہے، محمد رضوان کی جگہ ون ڈے ٹیم کی کپتانی شاہین آفریدی کو سونپی جا سکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی سلیکشن کمیشن نے قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کافی حد تک فائنل کر لیا ہے جس کا اعلان جلد ہونے کی توقع ہے، بابراعظم کی اسکواڈ میں واپسی کا امکان ہے۔
صائم ایوب اور محمد حارث کو بھی ٹیم میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، حسن علی اور حارث رؤف بھی اسکواڈ میں شامل ہوں گے، فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کی بھی ٹیم میں واپسی کی توقع ہے، حسین طلعت اور خوشدل شاہ کو ٹیم سے ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نوجوان آل راؤنڈر عرفان نیازی کی ٹیم میں واپسی کا امکان ہے، تاہم ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی جگہ بنانا مشکل نظر آ رہا ہے۔