کینیڈین وزیر خارجہ کا شاہ محمود قریشی کو ٹیلیفون

کینیڈین وزیر خارجہ کا شاہ محمود قریشی کو ٹیلیفون
اسلام آباد ( پبلک نیوز) کینیڈین وزیر خارجہ مارک گارنیو کا پاکستانی ہم منصب مخدوم شاہ محمود قریشی کو ٹیلیفون، دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تبادلہء خیال۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایک پرامن اور مستحکم افغانستان نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ وزیر خارجہ نے کنینڈین ہم منصب کو افغانستان کی صورتحال پر متفقہ لائحہ عمل کی تشکیل کے لیے کیے گئے حالیہ چار ملکی دورے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے افغانستان میں اجتماعیت کے حامل سیاسی تصفیے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے افغانستان میں قیام امن کو خطے کے امن و استحکام اور ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان کی معاشی و انسانی معاونت کے لیے آگے بڑھے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان میں پنپتے ہوئے انسانی المیے کے پیش نظر، افغانوں کو ہوائی اور زمینی راستوں سے امدادی سامان کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے۔ وزیر خارجہ نے افغانستان کو امدادی سامان کی ترسیل کے لیے " انسانی راہداری" کھولنے کی بابت کنینڈین ہم منصب کو آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو ان ممالک کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے جو عرصہء دراز سے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کرتے آ رہے ہیں۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کی نوعیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا کی وبائی صورتحال میں بہتری کی صورت میں پاکستان اور کینیڈا کے درمیان اگلے سیاسی مشاورتی اجلاس کے بالمشافہ انعقاد کے متمنی ہیں۔ وزیر خارجہ نے کینیڈین ہم منصب کے ساتھ ہملٹن کینیڈا میں پاکستانی کینیڈین شہری کی ہلاکت اور اس کے 63 سالہ والد فقیر علی کے اغواء کا معاملہ اٹھایا۔ کینیڈین وزیر خارجہ نے مخدوم شاہ محمود قریشی کو یقین دلایا کہ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کے لیے کینیڈین حکومت معاملے کی مکمل تحقیقات کر رہی ہے۔ وزیر خارجہ نے کینیڈین ہم منصب سے مطالبہ کیا کہ وبائی صورتحال میں بہتری کو پیش نظر رکھتے ہوئے طلباء اور کاروباری حضرات کی مشکلات میں کمی لانے کے لیے ویزہ ایڈوائزری پر نظر ثانی کی جائے۔ کینیڈین وزیر خارجہ نے افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔ کینیڈین وزیر خارجہ نے کابل سے کینیڈین شہریوں کے انخلاء میں، پاکستان کی جانب سے فراہم کی گئی بھرپور معاونت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے کنینڈین ہم منصب کو یقین دلایا کہ پاکستان افغانستان سے انخلاء کے عمل میں معاونت کا سلسلہ جاری رکھنے کے لیے پر عزم ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔