جمعیت علمائے اسلام اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو ایک بار پھر آڑے ہاتھوں لے لیا۔اانہوں نے کہا کہ عمران خان کال دیں حکیم ثنا اللہ انتظار میں بیٹھا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نےصوبائی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ ایک فتنے سے ہمارا واسطہ ہے جسے ہم کچل چکے ہیں ‘ ۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جب بھی وہ فتنہ تقریر کرتا ہے تو بونگی مارتا ہے، بھارت کے پائلٹ کو پکڑا اور 24 گھنٹے کے اندر اندر بھارت کے حوالے کیا تھا، پاکستان کے اسٹیٹ بینک کو تم نے آئی ایم ایف کے حوالے کیا۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کے آرمی چیف کی تقرری اور ملک میں انتخابات سے متعلق بیانات پر ردعمل میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پہلےکہتا تھا آرمی چیف کو رخصت کرو اب کہتا ہے ایکسٹینشن دو، آرمی چیف کی تعیناتی شہباز شریف ہی کریں گے۔ سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس میں اس کی چوری نکل آئی ہے ، اگر عدالت اس کے خلاف فیصلہ دیے تو عدالت غلط ہو جاتی ہے اور اگر الیکشن کمیشن اس کے خلاف فیصلہ دے تو وہ جانبدار ہو جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب عمران خان کہتا ہے کہ میں کال دوں گا، حکومت کو مزید وقت نہیں دے سکتا، عمران خان سے وقت مانگا کس نے ہے؟ الیکشن ہماری مرضی سے ہوں گے، آپ آئیں، حکیم ثناء اللہ انتظار میں بیٹھا ہے۔