ویب ڈیسک: اسلامی تعلیمات میں رزق کو محض کمائی یا روزگار نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی ایک خاص نعمت اور عطیہ قرار دیا گیا ہے۔ ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کے رزق میں کشادگی اور برکت ہو تاکہ دنیاوی ضروریات بھی بہتر طور پر پوری ہوں اور دینی فرائض بھی سکون کے ساتھ ادا کیے جا سکیں۔
قرآن و سنت میں ایسے بے شمار وظائف اور اذکار کا ذکر موجود ہے جو رزق میں برکت اور اضافہ کا ذریعہ بنتے ہیں۔ ان اعمال کا سب سے بڑا کمال یہ ہے کہ یہ انسان کو نہ صرف دنیاوی اعتبار سے سکون اور سہولت دیتے ہیں بلکہ دل کو اللہ کی یاد کے ساتھ مضبوطی سے جوڑتے ہیں۔
اہم بات یہ ہے کہ وظائف پڑھنے کے ساتھ ساتھ حلال کمائی، والدین کی خدمت، صدقہ و خیرات اور سچائی کو بھی زندگی کا حصہ بنایا جائے، کیونکہ یہ تمام چیزیں رزق کو بڑھانے اور اس میں برکت پیدا کرنے کے بنیادی اسباب ہیں۔ جو مسلمان اخلاص اور یقین کے ساتھ ان قرآنی و مسنون وظائف کو اختیار کرتا ہے، اللہ تعالیٰ اس کے رزق میں ایسی راہیں کھول دیتا ہے جن کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔
دارالافتاءجامعۃ العلوم الاسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن کراچی کی ویب سائٹ پر رزق میں برکت سے متعلق پوچھے گئے سوال پر اسلامی وظیفہ شائع کیا گیا ہے۔ جو کہ قارئین کیلئے پیش خدمت ہے۔
رزق میں برکت کا وظیفہ
سوال
میں رکشہ ڈرائیور ہوں، ہمارے پیسوں میں برکت نہیں ہوتی ہے، اس لیے برکت نہیں ہوتی ہے کہ جتنا کماتے ہیں اتنے ہی خرچ ہوتے ہیں، بمشکل ہی کچھ بچت کرتے ہیں، ایسا کوئی وظیفہ بتائیں کہ میری روزی میں برکت پیدا ہو!
جواب
اللہ تعالی آفات اور مصائب سے بچالیں یہ بھی برکت ہی کی ایک صورت ہے، اس لیے اللہ تعالی کے شکر کا اہتمام کریں، نمازوں کی پابندی، استغفار کی کثرت اور تلاوت وذکر کا اہتمام کریں, والدین حیات ہیں تو ان کی خدمت اور اطاعت کرتے رہیے۔
ایک اور پہلو پر بھی غور کرلیجیے کہ سواری سے کرایہ طے کرتے وقت مناسب کرایہ طے کریں، ایندھن وغیرہ، یا دیگر اخراجات وغیرہ کے حوالے سے غلط بیانی سے مکمل اجتناب کریں، اور کوشش کریں کہ باہم رضامندی سے اتنا کرایہ طے کریں کہ سواری طیبِ خاطر سے آپ کو وہ کرایہ دے۔ جب آپ کی آمدن میں سواریوں کی طیبِ خاطر بھی ہوگی اور آپ کی طرف سے کسی قسم کی غلط بیانی نہیں ہوگی تو ان شاء اللہ اس آمدن میں مزید برکت ہوگی۔ ان سب باتوں کے اہتمام کے ساتھ ساتھ بقدرِ وسعت صدقہ کی عادت بنالیجیے، ان شاء اللہ مشکلات و مصائب بھی ٹلیں گے، اور برکت بھی نصیب ہوگی۔
نیز حضرت مولانا شاہ عبد الغنی پھولپوری رحمہ اللہ نے فرمایا کہ حضرت حاجی امداد اللہ رحمہ اللہ سے منقول ہے کہ جو شخص صبح کو ستر مرتبہ پابندی سے یہ آیت پڑھا کرے وہ رزق کی تنگی سے محفوظ رہے گا اور فرمایا کہ بہت مجرب عمل ہے ،آیت یہ ہے:
اللَّهُ لَطِيفٌ بِعِبَادِهِ يَرْزُقُ مَن يَشَاء وَهُوَ الْقَوِيُّ العَزِيزُ( الشوری: ۱۹) (معارف القرآن:جلد ۷ صفحه ۶۸۷) فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144103200386
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن
اس وظیفے کو پڑھنے کیلئے جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن کے دارالافتاء کی ویب سائٹ پر جا کر مطالعہ کر سکتے ہیں ۔