محمد بن سلمان کا پرجوش انداز، شہباز شریف کو گلے لگا لیا

محمد بن سلمان کا پرجوش انداز، شہباز شریف کو گلے لگا لیا
کیپشن: محمد بن سلمان کا پرجوش انداز، شہباز شریف کو گلے لگا لیا

ویب ڈیسک: پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی نوعیت کے دفاعی معاہدے پر دستخط کیے جانے کے بعد ایک یادگار لمحہ اس وقت دیکھنے کو ملا جب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف پرجوش انداز میں گلے ملے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ جذبہ خیرسگالی اس امر کا مظہر تھا کہ دونوں ممالک نہ صرف اسٹریٹجک تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانا چاہتے ہیں بلکہ ایک دوسرے کے ساتھ دیرپا شراکت داری کے بھی خواہاں ہیں۔

ریاض میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے "اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ" (SMDA) پر دستخط کیے۔ اس معاہدے کے مطابق، اگر کسی ایک ملک پر کسی بھی جارحیت کی جاتی ہے تو اسے دونوں ممالک کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔ اس تاریخی معاہدے کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی اعتماد اور گہرے دفاعی تعلقات کی مضبوط بنیاد قرار دیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے دورے پر موجود ہیں جہاں انہوں نے قصرِ یمامہ پہنچ کر ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ شاہی دیوان میں وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور سعودی مسلح افواج کے دستوں نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر سعودی ولی عہد نے خود وزیراعظم کو خوش آمدید کہا جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی اہمیت مزید اجاگر ہوئی۔

اس اہم ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وفاقی وزیر مصدق ملک بھی شریک ہوئے۔ اس اعلیٰ سطحی وفد کی موجودگی نے واضح کر دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب نہ صرف حکومتی بلکہ عسکری اور مالیاتی سطح پر بھی اپنے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے خواہاں ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق، یہ معاہدہ دونوں ممالک کو خطے کے بدلتے ہوئے حالات میں ایک دوسرے کا مزید مضبوط حلیف ثابت کرے گا اور خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھے گا۔

Watch Live Public News