امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کے اعزاز میں ونزکاسل میں شاندار عشائیے کا اہتمام

امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کے اعزاز میں ونزکاسل میں شاندار عشائیے کا اہتمام
کیپشن: امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کے اعزاز میں ونزکاسل میں شاندار عشائیے کا اہتمام

ویب ڈیسک: برطانیہ کے شاہی خاندان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعزاز میں ونزر کاسل میں ایک شاندار عشائیہ کا اہتمام کیا جس میں برطانیہ کی اعلیٰ قیادت اور شاہی شخصیات نے شرکت کی۔

عشائیے کے دوران بادشاہ چارلس نے اپنے خطاب میں صدر ٹرمپ کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ دنیا کے پیچیدہ تنازعات کے حل کے لیے ان کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی امن کے لیے صدر ٹرمپ کا عزم اور ان کی قیادت ایک نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔

صدر ٹرمپ نے بھی عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے امریکا اور برطانیہ کے دیرینہ تعلقات کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک دہائیوں سے ایک دوسرے کے فخر کا باعث رہے ہیں اور برطانیہ کا یہ دورہ ان کی زندگی کے بڑے اعزازات میں شامل ہے۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور برطانیہ کی شراکت داری نہ صرف ماضی کی کامیابیوں کی عکاس ہے بلکہ مستقبل میں بھی عالمی استحکام اور ترقی کے لیے اہم کردار ادا کرے گی۔

ونزر کاسل پہنچنے پر شاہی خاندان نے صدر ٹرمپ اور خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر شاہ چارلس اور ملکہ کمیلا کے ہمراہ صدر ٹرمپ نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا جبکہ فوجی تقریب میں شاندار فلائی پاسٹ اور رائل فورس کی پریڈ بھی پیش کی گئی جسے شرکا نے خوب سراہا۔

یہ دورہ صدر ٹرمپ کی صدارت کے بعد برطانیہ کا دوسرا سرکاری دورہ ہے۔ ماہرین کے مطابق اس موقع پر امریکا اور برطانیہ کے درمیان سرمایہ کاری اور تجارت سے متعلق کئی اہم معاہدوں پر بات چیت متوقع ہے جو دونوں ممالک کے معاشی تعلقات کو نئی جہت دے سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ دورے کے دوران صدر ٹرمپ برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر سے بھی ملاقات کریں گے جس میں خطے کی سکیورٹی، عالمی سیاست اور اقتصادی تعاون جیسے موضوعات پر تفصیلی گفتگو کا امکان ہے۔

یہ تاریخی دورہ امریکا اور برطانیہ کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے ساتھ ساتھ عالمی منظرنامے پر دونوں ممالک کے مشترکہ کردار کو بھی نمایاں کرے گا۔

Watch Live Public News