ویب ڈیسک: ایشیا کپ میں قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز صائم ایوب نے ایک غیر معمولی کارنامہ انجام دیا، جس پر انہیں شائقین کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔
صائم ایوب نے اپنے تین گروپ میچز میں عمان، بھارت اور یو اے ای کے خلاف مسلسل صفر پر آؤٹ ہونے کی ہیٹ ٹرک کر لی۔ صائم ایوب تیسری بار صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد قومی ٹیم کے لیجنڈ کھلاڑی شاہد آفریدی کے برابر آگئے ہیں۔ اس کارکردگی کی بدولت صائم ایوب کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا ہے، جہاں شائقین ان کی بیٹنگ فارم پر سوال اٹھا رہے ہیں۔
تاہم، صائم ایوب کی کارکردگی کا ایک اور پہلو بھی ہے۔ اس ایونٹ میں وہ سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والوں میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ یو اے ای کے جنید صدیقی نو وکٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں، بھارت کے کلدیپ یادیو سات وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ صائم ایوب نے چھ وکٹوں کے ساتھ اس فہرست میں تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ مسلسل صفر پر آؤٹ ہونے کا بدترین ریکارڈ پاکستان کے عبداللہ شفیق کے پاس ہے، جنہوں نے لگاتار چار اننگز میں صفر پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔