ویب ڈیسک: فیس بک کی مالک کمپنی میٹا نے اپنی سالانہ کانفرنس ’میٹا کنیکٹ‘ میں جدید مصنوعی ذہانت ( اے آئی) سے چلنے والے نئے اسمارٹ چشمے متعارف کرادیے۔
میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ کا کہنا تھا کہ یہ ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک بہت بڑا سائنسی انقلاب ہے جس سے صارفین کی روزمرہ زندگی میں انقلاب آئے گا۔ کمپنی نے رے بین اور اوکلی جیسے معروف چشمہ ساز برانڈز کے ساتھ شراکت میں یہ ڈیوائسز پیش کی ہیں۔

نئے میٹا رے بین ڈسپلے چشمے میں ایک رنگین، ہائی ریزولوشن اسکرین ہے جو ایک لینس میں نصب ہے جہاں صارفین ویڈیو کال کر سکتے ہیں اور پیغامات دیکھ سکتے ہیں۔ چشمے میں 12 میگا پکسل کیمرا بھی شامل ہے۔
ساتھ ہی میٹا نے ایک نیورل رسٹ بینڈ بھی متعارف کرایا ہے جو ہاتھ کے ہلکے اشاروں کے ذریعے پیغام بھیجنے جیسی سہولیات فراہم کرتا ہے اور چشموں کے ساتھ جوڑا جا سکتا ہے۔
مارک زکربرگ نے اسمارٹ چشموں کی خصوصیات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ واٹس ایپ کال کرنے میں کچھ مشکلات پیش آئیں اور کال کنیکٹ نہیں ہو سکی۔ انہوں نے حاضرین سے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ کیا کہوں، میں بار بار غلطی کر رہا ہوں‘۔
مارکیٹ میں میٹا کے اسمارٹ چشمے
نئے میٹا رے بین ڈسپلے چشمے اس ماہ 799 امریکی ڈالرز میں دستیاب ہوں گے جو کمپنی کے موجودہ ماڈلز سے کافی مہنگے ہیں۔
اس کے علاوہ میٹا نے 499 ڈالر قیمت والے اوکلی میٹا وینگارڈ چشمے بھی متعارف کرائے ہیں جو کھیلوں کے شوقین افراد کے لیے ہیں اور رے بین میٹا چشموں کی سیکنڈ جنریشن بھی 379 ڈالرز میں دستیاب ہوگی۔