پی ایس ایل 10: حسن علی کا شاندار کارنامہ، وہاب ریاض کا ریکارڈ توڑ دیا

پی ایس ایل 10: حسن علی کا شاندار کارنامہ، وہاب ریاض کا ریکارڈ توڑ دیا
کیپشن: پی ایس ایل 10: حسن علی کا شاندار کارنامہ، وہاب ریاض کا ریکارڈ توڑ دیا

ویب ڈیسک: پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) سیزن 10 میں کراچی کنگز کے فاسٹ بولر حسن علی نے ایک نیا سنگ میل عبور کرتے ہوئے وہاب ریاض کا سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

جمعہ کے روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں پر 175 رنز اسکور کیے۔ ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 119 رنز بنا سکی، یوں کراچی کنگز نے با آسانی 56 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

اس میچ میں حسن علی نے زبردست بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اسی شاندار کارکردگی کے ساتھ انہوں نے پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے کوئٹہ کے بیٹر حسن نواز کو محض ایک رن پر آؤٹ کر کے یہ تاریخی سنگ میل عبور کیا۔

حسن علی کے اعداد و شمار

30 سالہ حسن علی نے پی ایس ایل میں اب تک 84 اننگز کھیل کر 116 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ سابق ریکارڈ ہولڈر وہاب ریاض نے 87 اننگز میں 113 وکٹیں لی تھیں۔ اس سیزن میں بھی حسن علی بہترین فارم میں دکھائی دے رہے ہیں اور صرف 3 میچز میں 8 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

کراچی کنگز کی اب تک کی کارکردگی

پی ایس ایل سیزن 10 میں کراچی کنگز نے اب تک 3 میچز کھیلے ہیں، جن میں سے دو میں کامیابی حاصل کی جبکہ ایک میں شکست ہوئی۔ ٹیم اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر 4 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔

Watch Live Public News