عالیہ حمزہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم

عالیہ حمزہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم
کیپشن: پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ گرفتار

ویب ڈیسک: پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق عالیہ حمزہ کو جوڈیشل کمپلیکس پہنچادیا جہاں انہیں سول ڈیوٹی جج ڈاکٹر ممتاز ہنجرا کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس نے عالیہ حمزہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کی استدعا کی۔

وکیل صفائی نے گرفتاری کی مخالف کی، دلائل دیے اور عالیہ حمزہ کی ضمانت کی درخواست دائر کردی۔ عدالت نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا اور جج سماعت مکمل کرکے اپنے چیمبر میں چلے گئے۔

بعدازاں عدالت نے دو ملزمان زاہد اور شمیم آفتاب کو بے گناہ قرار دے کر رہا کردیا جبکہ عالیہ حمزہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے عالیہ حمزہ کے ساتھ دو ملزمان  نعمان اور عادل کو بھی جوڈیشل ریمانڈ جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

وکلا نے عالیہ حمزہ کی درخواست ضمانت دائر کردی جس پر عدالت نے 22 اپریل کو سماعت مقرر کرتے ہوئے نوٹسز جاری کردیے اور پولیس کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔

عالیہ حمزہ کی میڈیا ٹاک

قبل ازیں عالیہ حمزہ نے عدالت میں پیشی پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ راولپنڈی میں فلسطین پر یوتھ کنونشن تھا انہیں اس سے بھی ڈر لگا، ان سے پوچھا جائے رات سے ہمیں کیوں حبس بے جا میں رکھا ہوا ہے؟

ایک نئی ایف آئی آر ایک نیا میڈل ہے، کیا تفتیشی افسر عدالت کے سامنے حلف دے گا؟ پولیس سے کہا تھا کارکنان کو گرفتار نہ کریں مجھے کرنا ہے تو کریں۔میں اپنے کارکنان کو بچانے کیلئے ہر حد تک جاؤں گی۔

انہوں نے کہا کہ ظلم جتنا مرضی کرلیں ہم ہنس کر سہیں گے، پولیس پر کسی نے پتھراؤ نہیں کیا، پولیس سے پوچھیں ان کے سامنے میں کھڑی تھی ایک پتھر بھی کسی نے نہیں مارا پھر بھی ہم پر پتھراؤ کرکے پولیس سے مزاحمت کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

یادرہے کہ پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ عالیہ حمزہ اور ساتھیوں پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جس کے بعد انہیں باضابطہ گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ پی ٹی آئی کے کچھ لوگ سڑک بلاک کر رہے ہیں، جس پر پولیس فوری موقع پر پہنچی تو عالیہ حمزہ کی قیادت میں سڑک کو بلاک کیا گیا۔

عالیہ حمزہ اور ساتھیوں کو غیر قانونی فعل سے اجتناب کا کہا گیا تو پولیس سے مزاحمت کی گئی۔ عالیہ حمزہ اور ساتھیوں کے خلاف تھانہ ائیرپورٹ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جس میں شاہراہ عام کو بلاک کرنے اور پولیس سے مزاحمت کی دفعات شامل ہیں۔

دوسری جانب تحریک انصاف پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو آج ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔ عالیہ حمزہ کیخلاف تھانہ ائیرپورٹ نے پولیس پر پتھراؤ اور مزاحمت سرکار کے الزامات کا مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔

مقدمے میں 35 افراد نامزد ہیں، جب کہ   2خواتین سمیت 5 کارکنوں کو موقع سے گرفتار کیا گیا تھا۔ مقدمہ تھانہ ائیرپورٹ پولیس نے محمد افضل سب انسپکٹر کی مدعیت میں درج کیا۔

دریں اثنا عالیہ حمزہ سے ملاقات نہ کرانے پر وکیل تابش فاروق نے عدالت سے رجوع کر لیا ۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ بیلف مقرر کیا جائے، عالیہ حمزہ کی صحت کے حوالے سے تشویش ہے ۔ ویمن پولیس اسٹیشن کا دروازہ نہ کھولنے پر بھی عدالت سے قانونی کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔

Watch Live Public News